QR CodeQR Code

خیبر پختونخوا حکومت نے کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے 1 ارب 73 روپے کے فنڈز جاری کر دیئے

21 Mar 2020 22:45

صوبائی وزیر ریلیف و آبادکاری اقبال وزیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے مریضوں کیلئے صوبے کے مختلف علاقوں میں 147 مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان اور درازندہ میں 2 مراکز مکمل فعال ہیں، جہاں مریضوں کیلئے تمام تر سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا حکومت نے کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے 1 ارب 73 روپے کے فنڈز جاری کر دیئے، صوبائی وزیر ریلیف و آبادکاری اقبال وزیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ محمود خان کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے سنجیدہ کوششیں کر رہے اور اس ساری صورتحال کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے 35 اضلاع کو ایک ارب 73 کروڑ روپے جاری کر دیئے ہیں، جن میں ڈی آئی خان کیلئے 30 کروڑ اور مردان و پشاور کیلئے 20، 20 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ اقبال وزیر نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کے مریضوں کیلئے صوبے کے مختلف علاقوں میں 147 مراکز قائم کئے گئے ہیں۔

ڈیرہ اسماعیل خان اور درازندہ میں 2 مراکز مکمل فعال ہیں، جہاں مریضوں کیلئے تمام تر سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ریسکیو 1122 اور پی ڈی ایم اے کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ ان کے بقول افغانستان سے آنے والے پاکستانیوں کیلئے ضلع خیبر میں چار مراکز قائم کئے ہیں، فی الحال بارڈر بند ہے، جوں ہی کھلے گا، وہاں سے آنے والے پاکستانیوں کو تمام سہولیات فراہم کریں گے۔ وزیر ریلیف و آبادکاری نے یہ بھی بتایا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے وزیراعلیٰ محمود خان بذاتِ خود سرگرم ہیں اور اس سلسلے میں وہ مختلف علاقوں کے دورے بھی کر رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 851832

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/851832/خیبر-پختونخوا-حکومت-نے-کورونا-وائرس-پر-قابو-پانے-کیلئے-1-ارب-73-روپے-کے-فنڈز-جاری-کر-دیئے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org