1
Sunday 22 Mar 2020 11:07

دنیا بھر میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا ذمہ دار امریکہ ہے، سید عبدالملک الحوثی

امریکہ پہلے بھی کرونا جیسے وائرسز کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر چکا ہے
دنیا بھر میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا ذمہ دار امریکہ ہے، سید عبدالملک الحوثی
اسلام ٹائمز۔ یمنی مزاحمتی تحریک انصاراللہ کے سربراہ سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے انصاراللہ کے سابق سربراہ سید حسین بدرالدین الحوثی کے یوم شہادت کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سال 2004ء میں سابق یمنی حکومت کے فوجی حملے میں شہید ہونے والے سید حسین بدرالدین الحوثی ایک "قرآنی شہید" ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سید حسین بدرالدین الحوثی نے ہمیشہ استکباری قوتوں کے خلاف آواز بلند کی ہے۔ سید عبدالملک الحوثی نے کہا کہ استکباری قوتوں کے کٹھ پتلی آمر حکمرانوں نے ہمیشہ یمن سمیت تمام اسلامی ممالک کی دولت کو بری طرح لوٹا ہے اور اب بھی لوٹ رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ آج ہمیں بھی امریکی جارحیت کے مقابلے میں کمزور کیا جا رہا ہے۔

انصاراللہ یمن کے سربراہ نے اپنے خطاب میں بعض بااثر اسلامی ممالک کی طرف سے امریکہ و اسرائیل کی گھناؤنی سیاست کے سامنے خاموشی اختیار کر لئے جانے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسی بناء پر دوسرے ممالک نے بھی امریکہ و اسرائیل کی پیروی اختیار کر کے ان کی اسلام دشمن سیاست کو عملی جامہ پہنانا شروع کر دیا ہے۔ سید عبدالملک الحوثی نے امتِ مسلمہ سے مطالبہ کیا کہ وہ عالمی استکباری قوتوں اور امریکہ و اسرائیل کے گھناؤنے منصوبوں کے مقابلے میں صرف بیان دینے پر ہی اکتفاء نہ کرے بلکہ بیانات سے بڑھ کر عملی اقدامات اٹھائے تاکہ امتِ مسلمہ اپنی موجودہ ابتر صورتحال، جو دشمن کی مرضی کے عین مطابق ہے، سے باہر نکل سکے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اس کے (مسلم) چیلے کھلم کھلا قرآن مخالف سیاست اپنائے ہوئے ہیں جس کی زندہ مثال امریکہ کی پیروی کرنے والے بعض عرب ممالک میں موجود سیاست ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں دشمنی پر مبنی امریکی سیاست کی دوسری مثال عراق و شام کے حالات، حزب اللہ لبنان کے ساتھ شدید دشمنی، فلسطینی قوم کے خلاف گھناؤنی سازش اور فلسطینی مزاحمتی تحریک کے موقف کی کھلم کھلا مخالفت ہے۔

انصاراللہ یمن کے سربراہ نے امریکہ کے بعض مسلم چیلوں کی طرف سے امتِ مسلمہ کی آرزوؤں کے خون کئے جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی رژیم نے حال ہی میں فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے مرکزی رہنماؤں اور طرفداروں کو بلاجواز قید کر کے ان پر دہشتگردی کے جھوٹے مقدمے دائر کر رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی رژیم کی طرف سے گرفتار کئے جانے والے حماس کے طرفداروں کا گناہ مقبوضہ فلسطین و قدس کی آزادی کی حمایت اور اسرائیل سے دشمنی کے علاوہ کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ قدس و فلسطین اور اسلامی مقدس مقامات کی آزادی سعودی رژیم کی نگاہ میں جرم اور دہشتگردی ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ یمن پر مسلط کی جانے والی جنگ کا اصلی مقصد یمن کو سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ ساتھ امریکی استکباری نظام کے زیرنگیں باقی رکھنا ہے۔

انصاراللہ یمن کے سربراہ سید عبدالملک الحوثی نے دنیا بھر میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کو اپنی لپیٹ میں لے لینے والے وائرس کے پھیلاؤ کی متعدد وجوہات ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض ممالک قدرتی طور پر موجود وائرسز میں تبدیلی کر کے اور انہیں مزید طاقتور بنا کر اپنے دشمنوں کے خلاف جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ سمیت بہت سے ممالک کے پاس ایسی بڑی بڑی تجربہ گاہیں موجود ہیں جن میں بڑی تعداد میں انسانوں کو نشانہ بنانے کے لئے ایسے وائرس تیار کئے جاتے ہیں۔ انصاراللہ کے سربراہ نے امریکہ کی گھناؤنی تاریخ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی غیرانسانی تاریخ اقوام عالم اور خصوصا ریڈ انڈینز کے خلاف جنگی ہتھیار کے طور پر ایسے وائرسز کے استعمال سے بھری پڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا بھر میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا اصلی ذمہ دار امریکہ ہے جبکہ امریکی و اسرائیلی درندے کرونا جیسے وائرس کو انسانیت کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے سے ہرگز نہیں ہچکچاتے۔
خبر کا کوڈ : 851876
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش