0
Sunday 22 Mar 2020 13:37

کورونا وائرس، خیبر پختونخوا میں بھی دو روز کیلئے مارکیٹیں اور شاپنگ مالز بند

کورونا وائرس، خیبر پختونخوا میں بھی دو روز کیلئے مارکیٹیں اور شاپنگ مالز بند
اسلام ٹائمز۔ کورونا وائرس کے باعث خیبر پختونخوا حکومت نے بھی دو روز کیلئے تمام شاپنگ مالز کو بند کر دیا۔ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اور متعلقہ ادارے کورونا وائرس کے خلاف مکمل متحرک ہیں، جبکہ خیبر پختونخوا حکومت نے ایک ہزار 299 ڈاکٹروں کو مختلف ہسپتالوں میں تعینات کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جان کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے اور عوام کو بچانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے دعویٰ کیا کہ بلند عزم و حوصلے سے کورونا وائرس کو شکست دیں گے۔ کل بروز پیر صبح 9 بجے سے ایک ہفتے کیلئے بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ پر پابندی ہوگی، تاہم مال بردار اور پرائیویٹ گاڑیوں کو پابندی سے استثنٰی حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 22 سے 24 مارچ تک شاپنگ مالز بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ میڈیکل اسٹورز، کلینک، کریانہ اسٹورز، بیکریز، تندور اور دودھ کی دکانیں کھلی رہیں گی۔ کورونا وائرس کی تفصیلات بتاتے ہوئے اجمل وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں کورونا کے 31 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جس میں سے 5 مردان اور 2 پشاور کے بھی ہیں۔ مردان کے 5 مریض جاں بحق شخص کے قریبی رشتہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشاور کے کورونا مریضوں کی ٹریول ہسٹری ہے۔ خیبر پختونخوا میں کورونا سے 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 851910
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش