0
Sunday 22 Mar 2020 17:45
بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ ایک ہفتے کیلئے بند

کورونا وائرس، ڈی آئی خان میں 3 دن کیلئے جزوی لاک ڈاؤن

کورونا وائرس، ڈی آئی خان میں 3 دن کیلئے جزوی لاک ڈاؤن
اسلام ٹائمز۔ کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے ڈیرہ اسماعیل خان انتظامیہ کی جانب جزوی لاک ڈاؤن کی ہدایت پہ شہر کے بازار اور مارکیٹیں مکمل طور پر بند کر دی گئیں جبکہ بعض مقامات پہ کریانہ سٹور، سبزی، پھل اور ڈیری مصنوعات کی دکانیں کھلی رہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے اعلان کے مطابق ضلع بھر میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خدشات سے نمٹنے اور عام شہریوں کو اس وبائی مرض سے بچانے کیلئے مارکیٹیں اور بازار بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس پابندی کے دوران تمام مارکیٹیں اور بازار بند رہیں گے، تاہم ادویات، سبزی، گوشت، فروٹ اور کریانہ سمیت اشیائے ضروریہ کی دوکانیں کھلی رہیں گی جبکہ ہوٹلوں اور ریسٹورینٹس میں کھانا کھلانے پر پابندی ہوگی تاہم عوام کھانا وغیرہ پارسل کی صورت میں گھر لے جا سکیں گے۔ ڈیرہ اسماعیل خان شہر کی طرح نواحی علاقوں، تحصیل کلاچی، پروآ، درابن اور پہاڑ پور سمیت ضم شدہ قبائلی تحصیل درازندہ اور ٹانک میں بھی لاک ڈاؤن کے سلسلے میں بازار اور مارکیٹیں بند ہیں اور لوگوں سے غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلنے کی اپیل کی گئی ہے۔ ادھر بین الاضلاعی پبلک ٹرانسپورٹ بھی کل سے اگلے ایک ہفتے کے لئے بند رہے گی جبکہ مقامی پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی کا اطلاق نہیں ہو گا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) حافظ واحد محمود کی خصوصی ہدایات پر پولیس انتظامیہ کی جانب سے عوام میں کورونا وائرس آگاہی کے سلسلے میں بازاروں اور اہم چوراہوں سمیت عوامی مقامات پر بینرز آویزاں کر دیئے گئے ہیں جن میں عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرکے کورونا سے ڈرنے کی بجائے لڑنے کا پیغام دیا گیا ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے ڈپٹی کمشنر دفتر ڈیرہ میں ایمرجنسی کورونا ہیلپ ڈیسک قائم کر دیا ہے اور اس حوالے سے موبائل نمبر 0346-1119622 جاری کیا گیا ہے۔ اس نمبر پر عوام کورونا وائرس احتیاط اور اس کے ممکنہ پھیلائو کے حوالے سے مشورہ اور اطلاعات حاصل کر سکتے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ایک ہفتہ کیلئے احتیاطی تدابیر کے طور پر گھروں میں رہیں اور اجتماعات و رش سے گریز کریں تاکہ کورونا کی وبا کو شکست دی جاسکے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیرہ سے دیگر اضلاع کو جانے والی پبلک ٹرانسپورٹ مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے۔ 
خبر کا کوڈ : 851939
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش