QR CodeQR Code

حالیہ دور میں ایران پر اقتصادی پابندیاں ناقابل قبول ہیں، شہباز شریف

22 Mar 2020 19:28

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے ایرانی سفیر کے نام اپنے خط میں لکھا ہے کہ ایران کے برادر عوام کو کورونا سے درپیش مشکلات کا جان کر دلی دکھ اور پریشانی ہوئی۔ انہوں نے لکھا ہمیں کورونا کے مشترکہ چیلنج اور بحران کا سامنا ہے، جانی نقصان پر دکھ اور افسوس ہے، ایران پر پابندیوں کی وجہ سے کورونا کی پیدا شدہ صورتحال مزید گھمبیر ہوگئی ہے، آپ نے بجا کہا کہ کورونا کے مشترکہ چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے عالمی برادری کا تعاون درکار ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر، سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے ایران کے سفیر کو خط لکھ کر کرونا وائرس کیخلاف مشترکہ جدوجہد کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ شہباز شریف نے پاکستان میں ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی کو خط میں لکھا ہے کہ 19 مارچ کو آپ کے خط پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ایران کے برادر عوام کو کورونا سے درپیش مشکلات کا جان کر دلی دکھ اور پریشانی ہوئی۔ انہوں نے لکھا ہمیں کورونا کے مشترکہ چیلنج اور بحران کا سامنا ہے، جانی نقصان پر دکھ اور افسوس ہے، ایران پر پابندیوں کی وجہ سے کورونا کی پیدا شدہ صورتحال مزید گھمبیر ہوگئی ہے، آپ نے بجا کہا کہ کورونا کے مشترکہ چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے عالمی برادری کا تعاون درکار ہے۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) سمجھتی ہے کہ ایران پر اقتصادی پابندیاں ناقابل قبول اور درپیش چیلنج کے مقابلے میں رکاوٹ ہیں، انسانی تکالیف کو دور کرنے کیلئے یکجہتی اور مدد کی ضرورت ہے نہ کہ پابندیوں اور سزا کا راستہ اپنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کیساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، اقوام متحدہ کے منشور، عالمی قوانین اور عالمی انسانی اقدار کی بالادستی کے ذریعے ایرانی عوام سے یکجہتی کا اظہار کرنا ہوگا۔ میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اسلامی ممالک کی طرف سے برادر ایرانی عوام کیساتھ یکجہتی اور معاونت کا اظہار ہونا چاہئے، کورونا وائرس مشترکہ طور پر انسانیت کا دشمن ہے، متحد ہوکر اور عالمی برادری کے تعاون سے ہی اس پر قابو پا سکتے ہیں۔ انہوں نے لکھا ہے کہ انہوں نے پارلیمانی قیادت کو آپ سے رابطے اور مل کر آگے بڑھنے کی حکمت عملی کی تیاری کی ہدایت کی ہے۔


خبر کا کوڈ: 851952

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/851952/حالیہ-دور-میں-ایران-پر-اقتصادی-پابندیاں-ناقابل-قبول-ہیں-شہباز-شریف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org