0
Sunday 22 Mar 2020 20:14

گلگت بلتستان، کرونا وائرس کے 16 مقامی کیسز کے بعد غیر معینہ مدت تک لاک ڈائون کا اعلان

گلگت بلتستان، کرونا وائرس کے 16 مقامی کیسز کے بعد غیر معینہ مدت تک لاک ڈائون کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان مقامی سطح پر منتقل ہونے والے کرونا وائرس کے 16 کیسز سامنے آنے کے بعد آج رات بارہ بجے سے غیر معینہ مدت تک لاک ڈائون کا اعلان کر دیا گیا۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 16 مزید کرونا کیسز کی تصدیق کے بعد کرونا مریضوں کی مجموعی تعداد 71ہو گئی۔ لوکل ٹرانسمیشن کے نئے مریضوں میں 14 کا تعلق بلتستان اور 2 گلگت کے ضلع نگر سے ہیں۔ سپیشل کمیٹی برائے کرونا وائرس کے ممبران صوبائی وزیر قانون اورنگزیب ایڈووکیٹ، مشیر اطلاعات شمس میر نے گلگت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے 16 نئے کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے اتوار اور پیر کی درمیانی رات 12 بجے (آج ) سے گلگت بلتستان میں ہوم لاک ڈاون کا اعلان کیا۔ مشیر اطلاعات نے کرونا کیسز میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاون کے دوران انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والوں سے تعاون نہ کرنے کی صورت میں فوج طلب کی جائے گی۔

وزیرقانون اورنگ زیب ایڈوکیٹ نے کرونا کے مریضوں کی چیکنگ کے دوران اس موذی مرض کا شکار ہو کر وینٹی لیٹر پر زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ڈاکٹر اسامہ ریاض کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر اسامہ ریاض کو قومی ہیرو قرار دیا گیا ہے۔ وزیر قانون نے کہا کہ لاک ڈاون غیر معینہ مدت کے لئے ہوگی اور رات 12 بجے سے بین الااضلاعی ٹرانسپورٹ بھی بند رہے گی اور رات 12 بجے سے رینجرز، جی بی سکاوٹس اور پولیس کے دستے تعینات کئے جائیں گے جبکہ پاک فوج کو الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔ وزیرقانون نے بتایا کہ گلگت بلتستان میں لاک ڈاون کے دوران اشیائے خوردونوش کی دکانیں مخصوص وقت کے لئے کھولی جائیں گی۔ وزیر قانون نے انکشاف کیا کہ آج کے 16 کیسز لوکل ٹرانسمیشن کے ہیں جن کا بین الاقوامی کوئی سفری ریکارڈ موجود نہیں۔ وزیر قانون کے مطابق لوکل ٹرانسمیشن کے مریضوں میں 14 سکردو اور 2 کا تعلق ضلع نگر سے ہیں اور ان سب کا کوئی سفری ریکارڈ دستیاب نہیں۔
خبر کا کوڈ : 851965
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش