QR CodeQR Code

قرنطینہ سنٹر میں مقیم مشتبہ مریض ہمارے مسلمان، پاکستانی بھائی ہیں، انکی سلامتی کیلئے دعاگو ہیں، عبدالقیوم شاہین 

23 Mar 2020 01:32

کرونا وائرس کے شبہ میں قائم قرنطینہ سنٹر میں افراد کی دیکھ بھال کے حوالے سے تحریک صوبہ ملتان کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر ملتان نے جس طرح قرنطینہ میں مقیم لوگوں کی خدمت کا حق ادا کیا ہے، وہ قابل تحسین ہے، شہری کرونا وائرس کے حوالے سے حکومتی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کریں، آگاہی مہم شروع کرینگے۔


 اسلام ٹائمز۔ تحریک صوبہ ملتان کے مرکزی چیئرمین راو عبدالقیوم شاہین، مرکزی چیف آرگنائزر چوہدری شہزاد فیصل ارائیں، مرکزی سیکرٹری جنرل رکن الدین ملتانی، مرکزی سینیئر وائس چیئرمین سردار شاہ محمد خان ناصر اور دیگر نے ملتان میں قرنطینہ سنٹر کے قیام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملتان محبتوں کی سرزمین ہے، یہ سرزمین اولیائے ملتان کے پیغام محبت سے مہک رہی ہے، اس سرزمین کی خصوصیت ہے کہ یہاں جو بھی آتا ہے، یہ اسے اپنی محبت بھری آغوش میں لیتی ہے، قرنطینہ سنٹر میں آنے والے مشتبہ مریض بھی اس دھرتی کے مہمان ہیں، ان کو بھی یہاں سے وہی محبت اور شفقت ملے گی، جو یہاں آنے والے ہر شخص کو ملتی ہے۔ ہمارے دین نے بھی ہمیں اخوت اور بھائی چارے کا درس دیا ہے، اس مشکل گھڑی میں پوری قوم متحد ہے، لہذا ہمیں قرنطینہ سنٹر کو تنقید کا نشانہ نہیں بنانا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ قرنطینہ سنٹر میں مقیم مشتبہ مریض ہمارے پاکستانی اور مسلمان بھائی ہیں، ہم ان کی سلامتی کیلئے دعاگو ہیں، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر ملتان نے جس طرح قرنطینہ میں مقیم افراد کی خدمت کا حق ادا کیا ہے، اس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ تحریک صوبہ ملتان کے رہنماوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس وبا سے ڈرنے کی بجائے جرات کے ساتھ اس کا مقابلہ کریں، حکومت کی جانب سے بتائی جانیوالی حفاظتی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کریں۔ تحریک صوبہ ملتان اس حوالے سے آگاہی مہم شروع کرے گی۔ انہوں نے حکومت سے بھی اپیل کی کہ وہ وبا کی وجہ سے ہر شعبہ میں متاثر ہونیوالے افراد کیلئے ریلیف پیکج کا اعلان کرے، تاکہ وبا کی وجہ سے پھیلنے والی بیروزگاری سے پیدا ہونیوالے مسائل پر قابو پایا جاسکے۔


خبر کا کوڈ: 852000

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/852000/قرنطینہ-سنٹر-میں-مقیم-مشتبہ-مریض-ہمارے-مسلمان-پاکستانی-بھائی-ہیں-انکی-سلامتی-کیلئے-دعاگو-عبدالقیوم-شاہین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org