آج کا دن علامہ اقبالؒ اور بابائے قوم کے فرمودات کی طرف رجوع کرنے کی ترغیب دیتا ہے، عمران خان
23 Mar 2020 11:32
یوم پاکستان کے موقع پر اپنے بیان میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان کی بدولت ہی مسلمانوں کو مذہبی آزادی اور ترقی کے مساوی حقوق میسر آئے، آج کے حالات و واقعات ہمارے آباؤ اجداد کی سوچ کی وسعت و صداقت کی گواہی دیتے ہیں۔
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے یوم پاکستان پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد اور نظم و ضبط پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 23 مارچ ہماری قومی تاریخ کا سنہرا دن ہے، اس دن مسلمانوں نے ہندو اکثریت کے جبر سے چھٹکارے کےلیے ایک آزاد ریاست کے قیام کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظمؒ کی قیادت میں مسلمانوں نے تہذیب و تمدن کے تحفظ کےلیے بے مثال جدوجہد کا آغاز کیا اور اس جدوجہد کے نتیجے میں دنیا کے نقشے پر ایک آزاد مسلم ریاست معرض وجود میں آئی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ قیام پاکستان کی بدولت ہی مسلمانوں کو مذہبی آزادی اور ترقی کے مساوی حقوق میسر آئے، آج کے حالات و واقعات ہمارے آباؤ اجداد کی سوچ کی وسعت و صداقت کی گواہی دیتے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ آج کا دن علامہ اقبالؒ کے افکار اور بابائے قوم محمد علی جناح ؒ کے فرمودات کی طرف رجوع کرنے کی ترغیب دیتا ہے، پاکستانی قوم کسی بھی مصیبت اور مشکل کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
خبر کا کوڈ: 852061