0
Monday 23 Mar 2020 13:14

کورونا وائرس تیسری عالمی جنگ سے کم نہیں ہے، ڈاکٹر شاہد چودھری

کورونا وائرس تیسری عالمی جنگ سے کم نہیں ہے، ڈاکٹر شاہد چودھری
اسلام ٹائمز۔ سرینگر کے ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے کورونا وائرس کو تیسری عالمی جنگ قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اگر میں روزانہ کے واقعات کا خلاصہ پیش کروں گا تو کشمیر میں کسی کو بھی نیند نہیں آئے گی۔ انہوں نے لوگوں کو انا چھوڑ کر مل جل کر کام کرنے اور ایک دوسرے کی مدد کرنے کی صلاح دی ہے۔ مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کافی سرگرم رہنے والے ڈاکٹر شاہد چودھری نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ یقین کریں اگر میں روزانہ کے واقعات کا خلاصہ پیش کروں گا تو کشمیر میں کسی کو بھی نیند نہیں آئے گی۔ انہوں نے لکھا ’’آئیں اپنی انا کو ایک طرف رکھیں اور مل جل کر کام کریں، خوف وہراس کو بڑھانے کے بجائے ایک دوسرے کی مدد کریں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ یہ تیسری عالمی جنگ ہے، اس سے کم نہیں۔ اگر اس سے نجات ملی تو ہمارے پاس بقیہ زندگی دوسری چیزوں کے لئے ہے۔ ضلع مجسٹریٹ سرینگر کی اس ٹویٹ کو سوشل میڈیا بالخصوص ٹویٹر اور فیس بک پر بڑے پیمانے پر شیئر کیا گیا اور اکثر سوشل میڈیا صارفین نے موصوف سے اپنے ٹویٹ کا خلاصہ کرنے کی اپیل کی۔ ڈاکٹر شاہد چودھری نے قریب پانچ گھنٹے بعد اپنے ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ان تاثرات کا اظہار میں نے خالصتاً مسافروں کی طرف سے سکریننگ سے بچنے، اپنی سفری ہسٹری چھپانے اور عدم تعاون کے تناظر میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان تاثرات کا اظہار میں نے خالصتاً مسافروں کی طرف سے سکریننگ سے بچنے، اپنی سفری ہسٹری چھپانے اور عدم تعاون کے تناظر میں کیا۔
 
دریں اثنا ضلع مجسٹریٹ نے ان تمام ہوٹل مالکان کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے بقول ان کے کورونا وائرس کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے اپنے ہوٹلوں کی چابیاں انتظامیہ کو رضاکارانہ طور پر سونپ دیں۔ انہوں نے ڈل جھیل کے کنارے بلیوارڈ روڑ پر واقع مشہور ہوٹل شاہ عباس کے مالکان کی سراہنا کرتے ہوئے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ٹائیگر زندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئیں مسٹر مرزا ارشاد کو شاباشی دیتے ہیں جنہوں نے یہاں آکر ہمیں لوگوں کو قرنطینہ میں رکھنے کے لئے اپنے ہوٹل کی چابیاں دیں۔ بتادیں کہ وادی کشمیر میں کورونا وائرس کا جو ایک مثبت کیس سامنے آیا ہے اس مریض کا تعلق سرینگر سے ہے۔ ضلع مجسٹریٹ نے سرینگر میں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے دفعہ 144 کے تحت سخت پابندیاں عائد کرنے کے علاوہ پبلک ٹرانسپورٹ کے چلنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔
خبر کا کوڈ : 852073
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش