QR CodeQR Code

کورونا وبا، اڈیالہ جیل سے 264 قیدی رہا، 408 کا ہائیکورٹ سے رجوع

23 Mar 2020 14:03

راولپنڈی کی جیل اڈیالہ سے 264 قیدیوں کو رہا کر دیا گیا ہے۔ اڈیالہ جیل حکام نے بیمار اور دو تہائی سزا پوری کر چکے قیدیوں کو بھی رہا کرنے کی تجویز دی ہے۔ جیل حکام کا کہنا ہے کہ قیدیوں کی رہائی پنجاب حکومت کی 2 ماہ کی معافی اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر عمل میں آئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ملک میں جاری کورونا وبا کے پیش نظر اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے تحت اڈیالہ جیل سے 264 قیدیوں کو رہا کر دیا گیا ہے جب کہ مزید 408 قیدیوں نے عدالت عالیہ سے رجوع کر لیا ہے۔ کورونا سے بچاؤ کے لیے عدالتی احکامات پر جیلوں سے قیدیوں کی رہائی جاری ہے۔ اس سلسلے میں راولپنڈی کی جیل اڈیالہ سے 264 قیدیوں کو رہا کر دیا گیا ہے۔ اڈیالہ جیل حکام نے بیمار اور دو تہائی سزا پوری کر چکے قیدیوں کو بھی رہا کرنے کی تجویز دی ہے۔ جیل حکام کا کہنا ہے کہ قیدیوں کی رہائی پنجاب حکومت کی 2 ماہ کی معافی اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر عمل میں آئی ہے۔ مزید قیدیوں کی رہائی کے لیے جیل حکام فہرستیں تیار کر رہے ہیں۔ 408 ایسے جرائم والے قیدیوں کی درخواستیں آئی ہیں جن کی عدالت سے منظوری ضروری ہے، خواتین، بچوں، جرمانہ ادا نہ کرنے پر اضافی سزا بھگتنے والے قیدیوں نے بھی درخواست کی ہے۔ دوسری جانب سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے ذریعے 408 قیدیوں نے رہائی کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔ یہ قیدی ناقابل ضمانت جرائم میں ملوث ہونے کے الزام میں جیل می قید ہیں۔ اس حوالے سے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے قیدیوں کی درخواستوں کو ضمانت کی درخواستوں میں تبدیل کر دیا۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہرمن اللہ 408 ملزمن کی درخواستوں پر منگل کو سماعت کریں گے۔ اس حوالے سے وفاق، چیف کمشنر اسلام آباد اور انٹی نارکوٹکس فورس کو نوٹس بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔ واضح رہے اسلام آباد ہائی کورٹ قابل ضمانت مقدمات کے قیدیوں کو ضمانت پر رہا کرنے کے احکامات پہلے ہی جاری کر چکی ہے۔


خبر کا کوڈ: 852078

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/852078/کورونا-وبا-اڈیالہ-جیل-سے-264-قیدی-رہا-408-کا-ہائیکورٹ-رجوع

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org