QR CodeQR Code

گلگت بلتستان، کرونا وائرس کے مزید 9 کیسز کی تصدیق، مجموعی تعداد 80 ہوگئی

23 Mar 2020 20:24

آج سامنے آنے والے تمام کیسز کا تعلق ضلع نگر سے ہے، جو مقامی سطح پر منتقل ہوا۔ اس طرح صرف ضلع نگر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 34 ہوگئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان میں کرونا وائرس کے مزید 9 کیسز کی تصدیق ہوگئی، جس کے بعد کل متاثرین کی تعداد 80 ہوگئی ہے۔ نو کیسز کا تعلق ضلع نگر سے ہے، جو مقامی سطح پر منتقل ہوا۔ اس طرح صرف ضلع نگر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 34 ہوگئی ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات گلگت بلتستان شمس میر نے کورونا وائرس کے مریضوں کے مزید کیسز سے متعلق میڈیا کو جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کورونا وائرس کے مزید 9 کیسز سامنے آگئے ہیں، اس طرح مریضوں کی کل تعداد 80 تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے اس وائرس کے تیزی سے پھیلنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں سے سختی سے صوبائی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات اور لاک ڈاون پر سنجیدگی سے عملدرآمد کرنے پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ خدارا اپنے اور علاقے کے عوام پر ترس کھائیں اور اپنے اپنے گھروں میں رہیں اور میل جول ہمارے لیے زہر قاتل سے کم نہیں، لہٰذا سماجی فاصلے پر سختی سے کاربند ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے حوالے سے حکومت گلگت بلتستان نے بروقت اہم اقدامات اُٹھائے ہیں۔ حکومت نے اس حوالے سے محدود وسائل کے باوجود پورے گلگت بلتستان میں کرونا وائرس کے سدباب کے لئے اور حفاظتی انتظامات کے حوالے سے اہم اقدامات اٹھائے ہیں۔ شمس میر نے اس بات پر زور دیا کہ عوام الناس اپنے گھروں میں حفاظتی تدابیر پر فوری طور پر عمل کریں اور اپنے اپنے گھروں کے علاوہ اپنے محلوں میں بھی حفاظتی تدابیر کے حوالے سے آگاہ کریں۔


خبر کا کوڈ: 852141

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/852141/گلگت-بلتستان-کرونا-وائرس-کے-مزید-9-کیسز-کی-تصدیق-مجموعی-تعداد-80-ہوگئی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org