QR CodeQR Code

جامعہ حقانیہ قرنطینہ اور ہر قسم کی عوامی خدمت کیلئے پیش ہے، مولانا حامد الحق

24 Mar 2020 10:47

جے یو آئی (س) کے سربراہ کا کہنا ہے کہ دنیا بھر کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی لیبر و مزدورکار طبقہ اسوقت گھروں میں ہاتھ پہ ہاتھ رکھے بیٹھا ہوا ہے، ان کے بچے رزق کیلئے پریشان ہیں، مخیر حضرات اور عوام کو چاہیے کہ وہ احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے ان غرباء فقراء اور بیروزگار طبقات تک کھانے پینے کا راشن، دوائیاں اور نقد رقم پہنچانے میں بھر پور تعاون کریں۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ، دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین اور جامعہ دارالعلوم حقانیہ کے نائب مہتمم مولانا حامد الحق حقانی نے حالیہ وبائی مرض کورونا وائرس کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ یہ وباء اللہ تعالیٰ کی جانب سے آزمائش ہے اور اس وباء کا تدارک رجوع الی اللہ، نماز، روزہ، توبہ استغفار، صدقات و خیرات اور اپنے جسم اور مال کی زکوٰة ادا کرنے سے ممکن ہوسکے گا، دنیا بھر کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی لیبر و مزدورکار طبقہ اسوقت گھروں میں ہاتھ پہ ہاتھ رکھے بیٹھا ہوا ہے، ان کے بچے رزق کیلئے پریشان ہیں، مخیر حضرات اور عوام کو چاہیے کہ وہ احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے ان غرباء فقراء اور بیروزگار طبقات تک کھانے پینے کا راشن، دوائیاں اور نقد رقم پہنچانے میں بھر پور تعاون کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے ریاست جن احتیاطی تدابیر کا درس دے رہی ہے اس پر عمل کرنا اس وباء سے نجات کیلئے بہت ضروری بن چکا ہے، پرہیز اور احتیاط پر بھی شریعت اسلامی زور دیتی ہے، ایسے وبائی مرض کیلئے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی احادیث میں حکم فرمایا ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں اور گھروں میں رہیں، جس سے یہ مرض مزید انسانیت کو نقصان نہیں پہنچا سکے گا، اللہ رب العزت قرآن میں فرماتے ہیں کہ جس نے ایک انسان کی جان بچائی گویا کہ اس نے پوری انسانیت کو بچایا اور اس شخص کو پوری انسانیت کے بچانے کا اجر اللہ تعالیٰ عطا فرمائیں گے۔

مولانا حامد الحق حقانی نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام پاکستان اور اس کے ونگز جمعیت طلبا اسلام پاکستان JTI، الحق رضاکار کارکن اور ذیلی ادارے اس سلسلے میں ملک بھر کے گلی محلوں، چوکوں چوراؤں پر خدمت پر مامور ہیں، ہماری پارٹی سوشل میڈیا پر بھی اس موذی مرض کے متعلق آگاہی مہم بھی چلا رہی ہے، نیز ہم ریاست اور حکومت کو پیش کش کررہے ہیں کہ ہمارے ملک کا سب سے بڑا تعلیمی ادارہ جامعہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک بھی قرنطینہ اور ہر قسم کی عوامی خدمت کیلئے پیش ہے، یہ فیصلہ مہتمم اور نائب مہتمم اور انتظامیہ نے میٹنگ میں مل کر کیا۔


خبر کا کوڈ: 852228

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/852228/جامعہ-حقانیہ-قرنطینہ-اور-ہر-قسم-کی-عوامی-خدمت-کیلئے-پیش-ہے-مولانا-حامد-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org