0
Tuesday 24 Mar 2020 12:34

اگر زائرین کو اچھی طرح سے کنٹرول کیا جاتا تو پورے پنجاب میں یہ مسئلہ ہی نہیں ہوتا، ریحام خان

اگر زائرین کو اچھی طرح سے کنٹرول کیا جاتا تو پورے پنجاب میں یہ مسئلہ ہی نہیں ہوتا، ریحام خان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث  ملک میں لاک ڈاون نہ کرنے پر شدید تنقید کی ہے۔ ریحام خان نے لاک ڈاؤن نہ کرنے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہاکہ آپ لاک ڈاؤن جیو کا کرسکتے ہیں، جیو کے مالک کو بند کر سکتے ہیں لیکن آپ لوگوں کی جان بچانے کے لیے لاک ڈاؤن نہیں کر سکتے، یہ آپ لوگوں کی ترجیحات ہیں۔ ریحام خان نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ آپ مریم نواز کو ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں رکھ سکتے ہیں، ان کو والد سے ملنے کی اجازت نہیں ہے، اس پر لاک ڈاؤن ہے، ان سب کو بند کر کے رکھا ہوا ہے لیکن لوگوں کی جانیں بچانے کے لیے آپ میں انسانیت نہیں ہے کہ لاک ڈاؤن کردیں۔ ریحام خان کا ایران سے آنے والے زائرین کے حوالے سے کہنا تھا کہ اگر زائرین کو اچھی طرح سے کنٹرول کیا جاتا تو پورے پنجاب میں یہ مسئلہ ہی نہیں ہوتا۔ پنجاب حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ریحام خان نے کہا کہ وسیم اکرم پلس سے اچھے فیصلوں کی توقع نہ رکھی جائے۔ خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہےاور اسی کے پیشِ نظر وزیراعظم سے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کرنے کا مطالبہ کیا جارہا تھا لیکن عمران خان نے لاک ڈاؤن کرنے سے انکار کردیا تھا۔ چند روز قبل صحافیوں سے گفتگو میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا کے باعث ضرورت پڑی تو لاک ڈاؤن کریں گے، لاک ڈاؤن کیا تو روزانہ اجرت پر کام کرنے والے پریشان ہوں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے مجموعی طور پر 6 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ ملک بھر میں کیسز کی تعداد 887 ہوگئی ہے۔ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد ملک بھر میں فوج تعینات ہے اور چاروں صوبے لاک ڈاؤن کا اعلان کرچکے ہیں۔
 
خبر کا کوڈ : 852266
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش