QR CodeQR Code

انجمن طلبہ اسلام نے 27 مارچ کو یوم توبہ و استغفار منانے کی اپیل کر دی

25 Mar 2020 19:19

رہنماوں نے کہا کہ کرونا سے نجات کیلئے خدا کے حضور گڑگڑا کر گناہوں کی معافی مانگنے کی ضرورت ہے، ہر شخص خصوصی طور پر استغفار و دعا کا اہتمام کرے اور گھروں میں دعائیہ محافل منعقد کی جائیں، کرونا وائرس کا پھیلنا ہمارے اجتماعی گناہوں اور بے راہروی کا نتیجہ ہے، پوری دنیا کو گناہوں کا راستہ چھوڑ کر نیکی کا راستہ اختیار کرنا ہو گا۔


اسلام ٹائمز۔ انجمن طلبہ اسلام کے مرکزی صدر معظم شہزاد ساہی، مرکزی سیکرٹری جنرل محمد اکرم رضوی اور دیگر قائدین محمد حسنین مصطفائی، غفران سرور، مبشر حسین، محمد راشد مغل، عامر اسماعیل، محمد حسن ہاشمی نے قوم سے اپیل کی ہے کہ 27 مارچ جمتہ المبارک کو ملک بھر میں اجتماعی ’’یوم توبہ و استغفار“ منایا جائے اور ساری قوم اجتماعی طور پر اللہ سے معافی کیلئے سربسجود ہو جائے۔ اے ٹی آئی کے رہنماوں کا کہنا تھا کہ وباء سے نجات کیلئے اجتماعی توبہ کی بہت ضرورت ہے، کبھی زلزلے، کبھی ژالہ باری اور اب کرونا کی وباء اللہ کریم کی ناراضگی کا سبب ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ نے بھٹکی انسانیت کو جھٹکا دیا ہے، انسانیت اللہ کی بغاوت چھوڑ کر اللہ کی فرمانبرداری شروع کرے، کرونا وبا سے سب کو مل جل کر نمٹنا ہوگا۔

رہنماوں نے کہا کہ کرونا سے نجات کیلئے خدا کے حضور گڑگڑا کر گناہوں کی معافی مانگنے کی ضرورت ہے، ہر شخص خصوصی طور پر استغفار و دعا کا اہتمام کرے اور گھروں میں دعائیہ محافل منعقد کی جائیں، کرونا وائرس کا پھیلنا ہمارے اجتماعی گناہوں اور بے راہروی کا نتیجہ ہے، پوری دنیا کو گناہوں کا راستہ چھوڑ کر نیکی کا راستہ اختیار کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکیزہ زندگی ہی وباؤں سے نجات کا ذریعہ بن سکتی ہے، احکامات الہی سے بغاوت کے نتیجے میں دنیا جان لیوا وباؤں کی زد میں ہے، انسانیت کو اللہ کی طرف پلٹنا ہوگا، اطاعت الہی ہی ہر مشکل کا حل ہے۔ انجمن طلبہ اسلام کی قیادت نے اپیل میں یہ بھی کہا کرونا وائرس سے حفاظت کیلئے کارکنان گھروں، بازاروں، گلیوں، چوراہوں میں اذانیں دیں، آفات و بلیات کو روکنے کیلئے اذان دینا خاص عمل ہے، ہر گھر میں بار بار اذانیں دی جائیں اور گھروں سے باہر نکل کر اذانوں کا اہتمام کیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 852558

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/852558/انجمن-طلبہ-اسلام-نے-27-مارچ-کو-یوم-توبہ-استغفار-منانے-کی-اپیل-کر-دی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org