QR CodeQR Code

افغانستان، داعش کا گوردوارے پر خودکش حملہ، 25 افراد ہلاک

25 Mar 2020 22:49

داعش نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے جبکہ ترجمان طالبان نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سب کے مذہبی مقامات کا احترام کرتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ افغانستان میں سکھوں کے سب سے نمایاں گوردوارے پر خودکش حملہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں 25 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔ افغان میڈیا کے مطابق علی الصبح دارالحکومت کابل میں واقع سکھوں کی عبادت گاہ کے اندر داخل ہونے کی کوشش میں ناکامی پر ایک حملہ آور نے خود کو زوردار دھماکے سے اُڑا دیا۔ جس کے بعد دیگر مسلح حملہ آور گوردوارے کے اندر داخل ہونے میں کامیاب ہوگئے اور شہریوں کو یرغمال بنالیا۔ خودکش حملے کی اطلاع ملتے ہی افغان اور غیر ملکی فوج کے دستے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور گورد وارے کا محاصرہ کرلیا۔ حملہ آوروں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان 6 گھنٹے تک جنگ جاری رہی، جس کے دوران مجموعی طور پر 25 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوئے۔

گورنر کابل کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ غیر ملکی فوجیوں نے گوردوارے کے اندر داخل ہوکر یرغمالیوں کو بازیاب کرایا، اس دوران ایک حملہ آور مارا گیا جب کہ دو نے خود کو دھماکے سے اُڑالیا۔ 3 حملہ آوروں کو گرفتار کرنے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں 4 زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ داعش نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے جبکہ ترجمان طالبان نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سب کے مذہبی مقامات کا احترام کرتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 852608

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/852608/افغانستان-داعش-کا-گوردوارے-پر-خودکش-حملہ-25-افراد-ہلاک

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org