QR CodeQR Code

کورونا وائرس کے ہوتے ہوئے سماجی دوریاں بنائے رکھیں، میرواعظ عمر فاروق

25 Mar 2020 22:54

میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ کہ حریت قائدین، تاجر رہنماؤں، سول سوسائٹی کے افراد، طلباء اور نوجوانوں سمیت تمام کشمیری سیاسی قیدیوں جو تہاڑ، آگرہ، جے پور کے علاوہ جموں و کشمیر کی مختلف جیلوں میں قید و بند کی زندگی گزار رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (م) کے سربراہ میرواعظ عمر فاروق نے ممنوعہ جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے محبوس سربراہ محمد یاسین ملک کی خرابی صحت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے لوگوں کو کورونا وائرس سے بچنے کے لئے گھروں کے اندر ہی رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ ایک بیان میں میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ یاسین ملک کی والدہ اور ہمشیرہ نے اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ تہاڑ جیل میں مقید یاسین ملک کی طبیعت شدید خراب ہو گئی ہے، چونکہ موصوف کو تیس سالہ پرانے معاملے میں منصفانہ سماعت کا موقعہ فراہم نہیں کیا گیا ہے، لہٰذا علیل محمد یاسین ملک نے یکم اپریل سے غیر معینہ مدت کے لئے بھوک ہڑتال پر جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ یاسین ملک کی فلاح و بہبود بھارتی حکومت کی ذمہ داری ہے جو اس بات کو یقینی بنائے کہ جیل میں موصوف کے ساتھ کوئی ناخوشگوار واقع پیش نہ آئے۔
 
میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ کہ حریت قائدین، تاجر رہنماؤں، سول سوسائٹی کے افراد، طلباء اور نوجوانوں سمیت تمام کشمیری سیاسی قیدیوں جو تہاڑ، آگرہ، جے پور کے علاوہ جموں و کشمیر کی مختلف جیلوں میں قید و بند کی زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خطرناک عالمی وباء کورونا وائرس کی وجہ سے ان کے متعلقین اور رشتہ داروں میں گہری فکر و تشویش پائی جاتی ہے، لہٰذا تمام سیاسی نظربندوں کی رہائی فی الفور یقینی بنائی جائے۔ اس دوران حریت کانفرنس نے عوام کو اس بات کی سختی کے ساتھ تاکید کی ہے کہ سنگین عالمی وباء کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرات اور منفی اثرات سے بچنے کے لئے طبی ماہرین کی آراء کی روشنی میں سماجی دوریاں بنائے رکھیں اور ہر طرح کے اجتماعات سے اجتناب کریں اور اپنے گھروں میں ہی قیام کو یقینی بنائیں۔


خبر کا کوڈ: 852611

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/852611/کورونا-وائرس-کے-ہوتے-ہوئے-سماجی-دوریاں-بنائے-رکھیں-میرواعظ-عمر-فاروق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org