QR CodeQR Code

حکومت ایک آرڈیننس کے ذریعے ملک بھر میں موجود 84 ہزار منتخب بلدیاتی نمائندوں کو بااختیار بنائے، مصطفیٰ کمال

26 Mar 2020 00:33

ایک بیان میں چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں منتخب کونسلرز اور چیئرمینز اپنے علاقوں کی تفصیلی معلومات کی وجہ سے جتنے مؤثر انداز میں حکومت کی جانب سے نچلی سطح پر عوام کو ریلیف فراہم کرسکتے ہیں اتنا رضاکار نہیں کرسکتے۔


اسلام ٹائمز ۔ پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پارلیمانی لیڈرز کی ویڈیو کانفرنس میں ملک بھر میں لاک ڈاؤن کی صورت میں رضاکاروں کی ضرورت پر زور دینے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک سرزمین پارٹی وفاقی اور صوبائی حکومتوں سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے سب سے پہلے قابل عمل تجویز پیش کی تھی کہ موجودگی حالات میں حکومت ایک آرڈیننس کے ذریعے ملک بھر میں موجود 84 ہزار منتخب بلدیاتی نمائندوں کو متحرک کرے اور ان کے ذریعے شہروں، گلیوں، محلوں اور دیہاتوں میں موجود لوگوں تک معلومات اور امداد پہنچائے اور حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے۔ ایک بیان میں مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ چین کی مثال ہمارے سامنے ہے، وہاں وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے اپنے تمام وسائل بلدیاتی حکومتوں کے ذریعے کروونا وائرس سے نمٹنے کے لئے استعمال کئے اور کامیاب ہوئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں منتخب کونسلرز اور چیئرمینز اپنے علاقوں کی تفصیلی معلومات کی وجہ سے جتنے مؤثر انداز میں حکومت کی جانب سے نچلی سطح پر عوام کو ریلیف فراہم کرسکتے ہیں اتنا رضاکار نہیں کرسکتے، نیز ناگزیر مکمل لاک ڈاؤن کی صورت میں صرف بلدیاتی نمائندوں کو ہی تفصیلی معلومات ہیں کہ انکی گلی اور محلے کے کن گھروں میں راشن کی ضرورت ہے، یوسی کی سطح پر قرنطینہ کے مراکز خوراک کی فراہمی سمیت دیگر انتظامات کرنے کی ضرورت ہے جو صرف بلدیاتی حکومت کرسکتی ہے، بلدیاتی نمائندے جب تنخواہیں اور مراعات وصول کر رہے ہیں تو مشکل کی گھڑی میں ہر اول دستے کا کردار بھی ادا کریں، خدا نخواستہ اگر کورونا وائرس کی وباء مزید پھیلی تو ایک وفاقی چار صوبائی سمیت گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی حکومتیں وسائل کے ارتکاز کے ساتھ صورتحال کو سنبھالنے میں ناکام ہوجائیں گی۔

چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ یہ وقت کی اشد ضرورت ہے کہ آپس کے اختلافات اور سیاسی مفادات کو پس پشت ڈال کر وہ فیصلے لئے جائیں جو قوم کے بہترین مفاد میں ہوں، ہم اس مشکل وقت میں سیاست نہیں کرنا چاہتے بلکہ مطالبہ کرچکے ہیں کہ کراچی اور حیدرآباد میں موجود ہمارے بدترین مخالف ایم کیو ایم سمیت ملک بھر کے بلدیاتی نمائندوں کو متحرک کرکے اس عالمی وباء کو شکست دینے کا لائحہ عمل ترتیب دیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک سرزمین پارٹی کے کارکنان وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی اپیل پر عوام کی خدمت کیلئے اپنے علاقوں کے کونسلرز کے ماتحت رضا کارانہ طور پر خدمات انجام دینے کے لئے تیار ہیں، دیگر جماعتیں بھی سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر اپنے کارکنان کو علاقے کے کونسلرز کے ماتحت خدمات انجام دینے کی ہدایت دیں۔


خبر کا کوڈ: 852613

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/852613/حکومت-ایک-آرڈیننس-کے-ذریعے-ملک-بھر-میں-موجود-84-ہزار-منتخب-بلدیاتی-نمائندوں-کو-بااختیار-بنائے-مصطفی-کمال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org