QR CodeQR Code

سیلانی کا کراچی تا خیبر 20 لاکھ خاندانوں میں دو ارب کا راشن دینے کا اعلان

25 Mar 2020 23:08

سربراہ سیلانی ویلفیئر نے یہ بھی کہا کہ غریب افراد کے موجودہ حالات رلا دینے والے ہیں اور ہمارا عزم ہے کہ کوئی بھی شخص بھوکا نہ سوئے، ہم رازق نہیں بلکہ رزق دینے والے کے ادنیٰ سے بندے ہیں اور اپنی آخرت سنوارنے اور انسانیت کی خدمت کے جذبے کے پیش نظر جدوجہد میں مصروف ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ سیلانی ویلفیئر نے کراچی تا خیبر 20 لاکھ خاندانوں میں دو ارب کا راشن دینے کا اعلان کردیا۔ بہادر آباد میں سیلانی ویلفیئر کے مرکز پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سیلانی ویلفیئر کے سربراہ مولانا بشیر فاروقی نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران کراچی سے خیبر تک 20 لاکھ خاندانوں میں راشن تقسیم کیا جائے گا۔ جس پر 2 ارب روپے کے اخراجات آئیں گے، ساتھ ہی لاکھوں افراد کو روزانہ تیار کھانا بھی فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے مراکز کے باہر موجود ڈبوں میں لوگ اپنے گھروں کے پتے شناختی کارڈ کی نقل کے ہمراہ ڈال رہے ہیں، انہیں بھی گھروں پر راشن دیا جارہا ہے، اسی طرح مختلف علاقوں میں ان کے رابطے میں موجود سماجی کارکنان کے ذریعے نشاندہی کے بعد ان غریب افراد کے گھروں تک راشن پہنچایا جارہا ہے جو لاک ڈاؤن کی وجہ سے مزدوری سے محروم ہیں۔

سربراہ سیلانی ویلفیئر نے یہ بھی کہا کہ غریب افراد کے موجودہ حالات رلا دینے والے ہیں اور ہمارا عزم ہے کہ کوئی بھی شخص بھوکا نہ سوئے، ہم رازق نہیں بلکہ رزق دینے والے کے ادنیٰ سے بندے ہیں اور اپنی آخرت سنوارنے اور انسانیت کی خدمت کے جذبے کے پیش نظر جدوجہد میں مصروف ہیں، ہماری اس کاوش میں مخیر حضرات کا بھرپور تعاون شامل ہے، لاک ڈاؤن کے دوران مستحق لوگوں کی پریشانی کے مدنظر مخیر افراد دل کھول کر سیلانی ویلفیئر کو وسائل فراہم کررہے ہیں۔ جب کہ ہم ان سب کے تعاون سے مستحق افراد کی مدد کرتے رہیں گے۔ مولانا بشیر فاروقی نے کہا کہ ابتدائی 2 دنوں میں انہیں آٹے کی شدید کمی کا سامنا تھا مگر اب صورتحال بہتر ہوگئی ہے، ہم نے سکھر اور جنوبی پنجاب میں بھی کام شروع کردیا ہے، دستر خوان لگانے کے بجائے تیار کھانا مستحق افراد کو پارسل میں دیا جارہا ہے، صرف بدھ کو کراچی میں 65 ہزار روٹیاں اور 130 دیگیں تیار کی گئی ہیں، سیلانی ویلفیئر کی پوری کوشش ہے کہ کراچی سے خیبر تک راشن اور تیار کھانا ہر مستحق گھرانے تک پہنچ سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس خدمت کے لیے انہیں حکومت کی مدد حاصل نہیں ہے۔


خبر کا کوڈ: 852615

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/852615/سیلانی-کا-کراچی-خیبر-20-لاکھ-خاندانوں-میں-دو-ارب-راشن-دینے-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org