1
Thursday 26 Mar 2020 04:46

انصاراللہ کیجانب سے جنگ بندی کی پیشکش پر مستعفی یمنی حکومت اور سعودی فوجی اتحاد کا اتفاق

انصاراللہ کیجانب سے جنگ بندی کی پیشکش پر مستعفی یمنی حکومت اور سعودی فوجی اتحاد کا اتفاق
اسلام ٹائمز۔ یمنی مزاحمتی تحریک انصاراللہ کی طرف سے یمن میں جنگ بندی کی متعدد بار دی جانے والی پیشکش پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گیوٹرش کی ثالثی کے نتیجے میں بالآخر مستعفی یمنی حکومت اور جارح سعودی اتحاد نے اتفاق کر ہی لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی فوجی اتحاد کی جانب سے گذشتہ شب جاری ہونے والے ایک بیان میں اعلان کیا گیا ہے کہ یمن کی مستعفی حکومت نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گیوٹرش کی یمن کے اندر جنگ بندی پر مبنی درخواست کو قبول کر لیا ہے۔ سعودی فوجی اتحاد کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل ترکی المالکی نے سعودی فوجی اتحاد کے اس فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی مشترکہ کمانڈ سنٹر نے یمن کی (مستعفی) حکومت کے یمن میں جنگ بندی سے اتفاق کے فیصلے کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ سعودی فوجی اتحاد کے ترجمان نے کہا کہ سعودی مشترکہ کمانڈ سنٹر نے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے کی طرف سے یمن میں جنگ بندی، خطے میں موجود تناؤ کی کمی اور طرفین کے درمیان انسانی و اقتصادی رابطے کے لئے کی جانے والی اعتماد سازی کی کوششوں کی حمایت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سعودی ترجمان نے کہا کہ یمن میں جنگ بندی سے اتفاق کا فیصلہ یمنی قوم کے دکھ و درد میں کمی اور کرونا وائرس سے مقابلے کی خاطر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گیوٹرش نے یمنی اعلیٰ حکام اور مذاکراتی ٹیم کے سربراہ کی طرف سے دی جانے والی مذاکرات اور جنگ بندی کی پیشکش پر یمن میں برسرپیکار مستعفی حکومت اور جارح سعودی اتحاد سے فوری جنگ بندی کی درخواست کی تھی۔ یمن میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ یمن پر مسلط کردہ جنگ میں شریک سب فریقوں کی توجہ، فوری جنگ بندی کے بعد مشترکہ دشمن یعنی کرونا وائرس کے ساتھ مقابلے کی طرف مبذول رہنی چاہیئے۔ انٹونیو گیوٹرش کا کہنا تھا کہ جنگ زدہ ملک (یمن) میں صحت کی سہولتیں اور صفائی ستھرائی کا نظام مکمل طور پر تباہ ہوچکا ہے۔ یاد رہے کہ یمنی مزاحمتی تحریک انصاراللہ کی سپریم انقلابی کونسل کے سربراہ محمد علی الحوثی نے بھی گذشتہ شب ٹوئٹر پر جاری ہونے والے اپنے ایک پیغام میں یمن پر جنگ مسلط کرنے والی جارح قوتوں کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا تھا جبکہ کچھ دن قبل ہی یمنی وزیر خارجہ ہشام شرف عبداللہ اور یمنی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ عبدالسلام الحوثی بھی جارح قوتوں کو مذاکرات اور جنگ بندی کی پیشکش کرچکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 852650
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش