0
Thursday 26 Mar 2020 12:03

ایران میں پھنسے زائرین کو نکالنے کیلئے خصوصی پرواز چلائی جائے، فدا ناشاد

ایران میں پھنسے زائرین کو نکالنے کیلئے خصوصی پرواز چلائی جائے، فدا ناشاد
اسلام ٹائمز۔ سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی حاجی فدا محمد ناشاد نے گلگت اور سکردو کے لئے حکومت کی جانب سے جہازوں کی آمد و رفت کو معمول کے مطابق جاری رکھنے کے فیصلے کو انتہائی مناسب قرار دیا ہے۔ موسم سرما میں جب جی بی میں معمولات زندگی موسمی شدت کے ساتھ ساتھ علاج معالجے اور دیگر ضروریات زندگی کے حصول کے لئے ملک کے نشیبی صوبوں میں آئے ہوئے لوگ اور حصول تعلیم کے لئے آئے ہوئے طلبا وطن واپسی کے لئے روڈ ٹرانسپورٹ بھی بند ہونے کے سبب بے پناہ مشکلات سے دوچار ہو چکے تھے۔ اگرچہ جہاز کے کرایوں میں بھی ناقابل برداشت حد تک اضافہ ہوا ہے جس کے باوجود ہوائی سفر ممکن ہونے سے لوگوں کی پریشانیوں میں زیادہ اضافہ نہیں ہوگا۔

ساتھ ہی سپیکر نے حکومت کے لندن،  ٹورینٹو، مانچسٹر اور برمنگھم جانے والے مسافروں کی سہولت کے لئے انسانی ہمدردی کے اصولوں کے مطابق خصوصی پرواز چلانے کے فیصلے کو بھی سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایران میں پھنسے ہوئے زائرین کو بھی وطن واپس لانے کیلئے انسانی حقوق کے اصولوں کے مطابق خصوصی پرواز کا انتظام کیا جائے۔ اب تک کی اطلاع کے مطابق مشہد اور قم میں ڈیڑھ سو کے قریب زائرین واپسی کے راستے بند ہونے کے سبب مجبوری کے عالم میں پریشان حال ہیں لیکن تسلی بخش بات ہے کہ اللہ کے فضل و کرم سے ان میں سے کوئی بھی کرونا زدہ مریض موجود نہیں۔ تاہم بطور احتیاط ان کو اپنے ملک میں کہیں بھی صحت کے حوالے سے اطمینان ہونے تک محدود رکھ کر نگرانی کر سکتے ہیں۔

سپیکر نے امید کا اظہار کیا ہے کہ حکومت اس جائز مطالبے پر توجہ دے گی۔ یہ بھی معلوم  ہوا ہے کہ کئی دیگر ممالک ایران میں رکے ہوئے اپنے زائرین کو خاص انتظام کے ساتھ اپنے ملکوں میں واپس لے گئے ہیں جبکہ پاکستان کی جانب سے کوئی ایسا انتظام نہ ہونے پر ایران میں پھنسے ہوئے ہمارے زائرین زیادہ مایوسی کا شکار ہیں۔ جس کا ازالہ کرنا وسیع تر قومی مفاد کا تقاضا ہے۔ سپیکر نے امید ظاہر کی ہے کہ ان تشویشناک حالات میں پاکستان کی حکومت بھی ان زائرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ ساتھ ہی سپیکر نے جی بی کے ڈاکٹروں اور انکے معاون عملہ، ہر ضلع کی انتظامیہ، علمائے کرام، میڈیا کے کارکن، افواج پاکستان کے افسران و جوانان اور مقامی رضاکاروں کو بھی خراج تحسین پیش کیا ہے جو اس وبائی مرض کے خلاف جہادی بنیادوں پر مصروف عمل ہیں۔ خاص طور پر شہید ڈاکٹر اسامہ ریاض کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سپیکر نے بتایا ہے ان کی قربانی کی مثال نہیں مل سکتی جس نے پورے گلگت بلتستان کے نہ صرف ڈاکٹروں بلکہ عوام کا بھی سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 852689
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش