QR CodeQR Code

پیمرا کی میڈیا کو کورونا کے حوالے سے خوف کی فضاء ختم کرنیکی ہدایات

26 Mar 2020 14:52

اعلامیے میں کہا گیا کہ چینلز کو اپنی توانائیاں اور وسائل احتیاطی تدابیر اور ضروری اقدامات کے لیے پوری قوم کومتحرک کرنے پرخرچ کئے جائیں تاکہ اس وبا پرقابو پایا جاسکے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) میڈیا کوہدایت کی ہے کہ وہ کوروناوائرس سے متعلق خبریں نشرکرتے ہوئے عوام میں خوف کی فضا ختم کرے۔ ریڈیو پاکستان کے مطابق پیمرا نے اپنے ہدایت نامے میں نیوز چینلز کو مخاطب کرکے کہا کہ اس آفت سے ثابت قدمی اورنظم وضبط کے ساتھ نمٹنے کے لیے عوام میں امید کو فروغ دیا جائے۔ پیمرا نے کورونا وائرس سے متاثرہ زیر افراد علاج کی کوریج میں احتیاط برتننے کی ہدایت کی۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں اور زیرعلاج افراد کی خبریں دیتے ہوئے ضرورت سے زیادہ تشہیرکرنے اورسنسنی پیداکرنے سے گریزکیا جائے۔ علاوہ ازیں پیمرا نے چینلز کو کورونا وائرس کے خلاف پوری قوم کو متحرک کرنے پر زوردیا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ چینلز کو اپنی توانائیاں اور وسائل احتیاطی تدابیر اور ضروری اقدامات کے لیے پوری قوم کومتحرک کرنے پرخرچ کئے جائیں تاکہ اس وبا پرقابو پایا جاسکے۔


پیمرا نے اس امر پر زور دیا گیا کہ ناظرین میں امید پیداکرنے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں، اداروں سمیت عالمی محققین کی جانب سے کی گئی کوششوں کو بھی اجاگر کیا جائے۔ واضح رہے کہ ملک میں کوروناوائرس کے بڑھتے ہوئے واقعات اور لاک ڈاؤن کے نتیجے میں پیدا ہونے کی صورتحال پر میڈیا خصوصی رپورٹس اور خبریں پیش کررہا ہے۔ اگر پاکستان کی بات کی جائے تو دنیا بھر میں ہزاروں اموات کا باعث بننے والا مہلک کورونا وائرس پاکستان میں بھی تیزی سے پھیل رہا ہے اور ایک ماہ کے دوران یہاں کیسز کی تعداد 1100 کے قریب پہنچ گئی ہے۔
26 فروری 2020 کو پاکستان میں پہلا کیس سامنے آیا تھا اور آج ایک ماہ مکمل ہونے تک ملک میں کورونا وائرس کے مزید 20 نئے کیسز سامنے آنے سے تعداد 1098ہوگئی ہے۔ اس عالمی وبا نے دنیا بھر میں تباہی مچا دی ہے اور 20 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور ساڑھے 4 لاکھ سے زائد متاثر ہوچکے ہیں۔ پاکستان ایک ماہ کے عرصے میں سندھ میں سب سے زیادہ 413 کیسز رپورٹ ہوئے، جس کے بعد پنجاب کے کیسز کی تعداد ہے جو 323 ہے۔


خبر کا کوڈ: 852738

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/852738/پیمرا-کی-میڈیا-کو-کورونا-کے-حوالے-سے-خوف-فضاء-ختم-کرنیکی-ہدایات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org