QR CodeQR Code

کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے لاک ڈاؤن کی سخت عمل آوری کو یقینی بنایا جائے، چیف سیکرٹری

26 Mar 2020 15:21

فائنانشل کمشنر صحت و طبی تعلیم نے جموں کشمیر میں کووڈ 19 کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے صحت محکمہ کی طرف سے کئے جا رہے اقدامات کا تفصیلی خاکہ پیش کیا۔


اسلام ٹائمز۔ چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے سرینگر میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران بھارتی وزیراعظم کی طرف سے 24 مارچ کو کووڈ 19 کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے قومی سطح کے لاک ڈاؤن کے اعلان کے بعد جموں کشمیر میں کی جا رہی تیاریوں اور اقدامات کا تفصیل سے جائزہ لیا۔ فائنانشل کمشنر خزانہ، فائنانشل کمشنر صحت و طبی تعلیم، ڈائریکٹر جنرل پولیس، پرنسپل سیکرٹری داخلہ، پرنسپل سیکرٹری اطلاعات، انتظامی سیکرٹری صنعت و حرفت، انتظامی سیکرٹری پی ایچ ای، آبپاشی و فلڈ کنٹرول، انتظامی سیکرٹری بجلی، انتظامی سیکریٹری ایف سی ایس اینڈ سی اے، ڈیساسٹر منیجمنٹ، ریلیف، باز آبادکاری و تعمیر نو، ناظمِ اطلاعات، آر ٹی سی کے اعلیٰ افسران اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسروں نے بھی اس میٹنگ میں شرکت کی۔ جموں اور کشمیر کے ڈویژنل کمشنروں، تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں اور ضلع پولیس سربراہوں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔ اس دوران فائنانشل کمشنر صحت و طبی تعلیم نے جموں کشمیر میں کووڈ 19 کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے صحت محکمہ کی طرف سے کئے جا رہے اقدامات کا تفصیلی خاکہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ جموں میں مناسب پروٹوکال اختیار کرنے کے بعد کورونا وائرس کے 2 مثبت معاملات کے ٹیسٹ اب منفی پائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مثبت معاملات کی تعداد میں اضافہ ہونے کے تناظر میں جموں کشمیر یو ٹی میں متعدد کورنٹین سہولیات قائم کی گئی ہیں۔
 
صحت اور دیگر محکموں کی طرف سے تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ لیا گیا کہ بیرونِ ملک سفر کرنے والے لوگوں کی نشاندہی کرنے اور انہیں رپورٹ کرنے کے کام میں پنچائتوں، مقامی اداروں، لمبر داروں اور چوکیداروں کو بھی شامل کیا جائے گا ۔ چیف سیکرٹری نے ایسے افراد کو فوری طور سے ڈھونڈنے اور انہیں 14 دن کے لازمی کورنٹین میں رکھنے کی ہدایات دیں تاکہ وائیرس کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔ قومی شاہراہ پر اشیائے ضروریہ لے جانے والے ٹرکوں کی بلا خلل نقل و حمل کو یقینی بنانے کیلئے جموں اور کشمیر صوبوں میں دو چیک پوائینٹ قائم کئے جائیں گے۔ عوام کی مشکلات  کم کرنے کے حوالے سے ترقیاتی کمشنروں سے کہا گیا ہے کہ وہ راشن، دیگر چیزیں، میوؤں، سبزیوں، دودھ اور دیگر لازمی چیزوں کی ہوم ڈیلوری کو یقینی بنائیں تاکہ لوگوں کو گھروں سے باہر آنے کی ضرورت نہ پڑے۔


خبر کا کوڈ: 852750

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/852750/کورونا-وائرس-سے-بچاؤ-کیلئے-لاک-ڈاؤن-کی-سخت-عمل-ا-وری-کو-یقینی-بنایا-جائے-چیف-سیکرٹری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org