QR CodeQR Code

بلوچستان کی جیلوں میں اسکریننگ جاری، تاحال کسی قیدی میں کورونا کی علامات نہیں ملیں، آئی جی جیل خانہ جات بلوچستان

26 Mar 2020 15:36

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ملک محمد یوسف کا کہنا تھا کہ وبا کے پیش نظر صوبائی حکومت نے عام جرائم میں کم سزا کے قیدیوں کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لئے ڈیٹا مرتب کیا جارہا ہے، ایک دو روز میں قیدیوں کو خصوصی معافی دے کر رہائی شروع کردی جائے گی۔


اسلام ٹائمز۔ آئی جی جیل خانہ جات بلوچستان کے مطابق صوبے کی کسی جیل میں قید قیدی میں اب تک کورونا کی علامات نہیں پائی گئیں۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی جیل ملک محمد یوسف نے بتایا کہ صوبے کے تمام جیلوں میں کورونا بچاؤ کے لئے اسکریننگ کا عمل جاری ہے، ابھی تک کسی بھی قیدی میں وائرس کی کوئی علامات نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر صوبے کی تمام جیلوں میں بند تقریباً 2100 قیدیوں کی اسکریننگ کی جارہی ہے۔ آئی جی جیل نے بتایا کہ کوئٹہ جیل کے قیدیوں کی اسکریننگ کرلی گئی ہے جبکہ دیگر جیلوں میں اسکریننگ کا عمل جاری ہے مگر ابھی تک صوبے کی جیلوں میں بند کسی قیدی کے کورونا میں مبتلا ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وبا کے پیش نظر صوبائی حکومت نے عام جرائم میں کم سزا کے قیدیوں کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لئے ڈیٹا مرتب کیا جارہا ہے، ایک دو روز میں قیدیوں کو خصوصی معافی دے کر رہائی شروع کردی جائے گی۔ آئی جی جیل خانہ جات نے مزید بتایا کہ صوبے بھر کی جیلوں میں قیدیوں کی قانون کے مطابق پے رول اور جرمانے کی ادائیگی پر ان کی رہائی کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر سندھ اور پنجاب کی جیلوں سے بھی عام جرائم میں قید قیدیوں کو رہا کیا جارہا ہے۔ اب تک صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے کیمپ جیل سے ایک قیدی میں کورونا وائرس کیس کی تصدیق ہوچکی ہے۔
 


خبر کا کوڈ: 852753

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/852753/بلوچستان-کی-جیلوں-میں-اسکریننگ-جاری-تاحال-کسی-قیدی-کورونا-علامات-نہیں-ملیں-ا-ئی-جی-جیل-خانہ-جات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org