QR CodeQR Code

گھروں میں اہل خانہ کیساتھ نماز باجماعت ادا کی جائے، مفتی محمد یعقوب

26 Mar 2020 15:44

مفتی محمد یعقوب کے مطابق اس وقت کورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر ہر ایک پر لازم بنتا ہے کہ وہ اسلام کے رہنما اصولوں کی پاسداری کرے اور محکمہ صحت کی ہدایات کے مطابق ایک دوسرے سے دوری اختیار کریں۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر جمعیت اہلحدیث کے سینئر رہنما مفتی محمد یعقوب بابا المدنی نے انسانی زندگی کے تحفظ کو بہت زیادہ اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جس شخص کی وجہ سے دوسروں کو تکلیف پہنچنے کا خطرہ ہو یا جسے خود بیمار ہونے کا اندیشہ ہو تو مصالح عامہ اور جسم و جان کے تحفظ کے پیش نظر اسلام نے اسے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تلقین کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تدابیر اختیار کرنا توکل یا اسلامی شریعت کی کسی بھی ہدایت کے خلاف نہیں اور نہ ہی تقدیرسے فرار ہے بلکہ یہ عین اسلامی تعلیمات کے مطابق ہے۔ مفتی محمد یعقوب کے مطابق اس وقت کورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر ہر ایک پر لازم بنتا ہے کہ وہ اسلام کے رہنما اصولوں کی پاسداری کرے اور محکمہ صحت کی ہدایات کے مطابق ایک دوسرے سے دوری اختیار کریں۔
 
انہوں نے کہا کہ چونکہ دنیا کے اکثر ممالک نے لوگوں کے گھروں سے باہر نکلنے پر سخت پابندی عائد کی ہے اور لاک ڈاؤن کا بھی اعلان کیا ہے، دینی اجتماعات یا مسجدوں میں نمازیوں کا جمع ہونا بھی ماہرین کی رائے کے مطابق اس وباء کے پھیلنے کا سبب بن سکتا ہے، لہٰذا وادی کشمیر کے مسلمان ان مشکل حالات میں احتیاطی تدابیر کے پیش نظر ان گذارشات پر عمل کریں۔ مفتی یعقوب نے کہا کہ اسلامی شعار کا خاص خیال رکھتے ہوئے مساجد میں پنج وقتہ نمازوں کے لئے اذان دی جائے، نماز کے مقررہ اوقات پر اپنے گھروں میں اہل خانہ کے ساتھ جماعت کے ساتھ نماز ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ جمعہ میں جم غفیر کے احتمال کی وجہ سے جمعیت اہلحدیث نے پہلے ہی نماز جمعہ موقوف رکھنے کا فیصلہ لیا ہے لہٰذا جمعہ کو ظہر کی چار رکعت باقی دنوں کی طرح گھروں میں ہی ادا کریں۔ اس دوران جموں و کشمیر جمعیت اہلحدیث کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر عبد اللطیف الکندی نے عمرہ کی ادائیگی کے بعد واپس لوٹے افراد اور دنیا کے مختلف ممالک اور خطوں سے وادی وارد ہوئے اشخاص سے اپیل کی ہے کہ انسانیت کے تحفظ کیلئے محکمہ صحت کے ساتھ تعاون کریں۔


خبر کا کوڈ: 852756

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/852756/گھروں-میں-اہل-خانہ-کیساتھ-نماز-باجماعت-ادا-کی-جائے-مفتی-محمد-یعقوب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org