0
Thursday 26 Mar 2020 18:34
کورونا وائرس، دنیا میں 21 ہزار سے زائد ہلاکتیں، 4 لاکھ سے زائد متاثر

چین کا کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے طبی ماہرین پاکستان بھیجنے کا اعلان

چین کا کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے طبی ماہرین پاکستان بھیجنے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 21 ہزار تک پہنچ گئی ہے جبکہ متاثرین کی تعداد 4 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ تیزی سے پھیلتے کورونا وائرس نے 198 ممالک کو بری طرح متاثر کیا ہوا ہے اور اب تک کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں 21 ہزار افراد اس وائرس کے ہاتھوں جان کی بازی ہار گئے ہیں، جب کہ متاثرین کی تعداد 4 لاکھ 52 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک اٹلی میں اب تک 7503 افراد وائرس کے باعث ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ اٹلی کے بعد سب سے زیادہ متاثرہ ملک اسپین ہے جہاں 47 ہزار 6 سو 10 کیسز رپورٹ ہوئے اور 3434 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ سپر پاور امریکا میں بھی کورونا وائرس نے تباہی مچا دی ہے جہاں 65 ہزار سے زائد لوگ متاثر ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 223 افراد ہلاک ہوئے۔ جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 928 تک پہنچ گئی ہے۔ ایران میں بھی 27 ہزار سے زائد افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں جس میں سے 2077 افراد زندگی ہار چکے ہیں۔ فرانس میں اب تک وائرس 1331 لوگوں کی جان لے گیا جب کہ مجموعی کیسز کی تعداد 25 ہزار 233 ہے۔ دوسری جانب افریقن فٹ بالر اور صومالیہ کے وزیر کھیل عبدالقادر محمد فرح کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے ہیں، افریقن فٹ بالر کو گزشتہ ہفتے کورونا وائرس کا نتیجہ پازیٹو آیا تھا اور وہ ان دنوں لندن کے نارتھ ویسٹ اسپتال میں زیر علاج تھے۔

چین نے پاکستان میں جان لیوا کورونا وائرس سے نمٹنے کےلیے طبی ماہرین بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ چینی سفارتخانے کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق چینی حکومت پاکستان کو کورونا وائرس سے لڑنے میں مدد کے لئے طبی ماہرین بھیجے گی۔ چین نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے پاکستان کو کورونا وائرس سے نمٹنے میں اپنے تجربے سے متعلق بتایا اور پاکستان میں وبا پھیلنے کے فوری بعد اس بیماری کی روک تھام سے متعلق معلومات سے بھی آگاہ کیا۔ چین پاکستان کو طبی سامان فراہمی کرنے کی تیاری کر رہا ہے اور آئسولیشن کےلیے ایک عارضی اسپتال بنانے میں بھی مدد کرے گا۔ چینی نائب وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ بیجنگ حکومت کے ساتھ ساتھ چینی کمپنیاں بھی اس مہلک وبا کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مدد کر رہی ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی چین نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے پاکستان کو 5 لاکھ ماسک فراہم کیے ہیں۔ چین سےخصوصی کارگو طیارہ این 95 ماسک اور دیگر حفاظتی سامان لے کر کراچی ائیرپورٹ پہنچا ہے۔
خبر کا کوڈ : 852790
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش