QR CodeQR Code

علماء کرام نے نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے شہریوں کو مساجد آنے سے روک دیا

26 Mar 2020 19:06

علمائے کرام کا کہنا تھا کہ جان کی حفاظت زیادہ ضروری ہے، اس لئے تمام شہری اپنے گھروں میں رہیں اور اپنی اور اپنے بچوں کی حفاظت کریں۔ گورنر پنجاب چودھری سرور کا کہنا تھا کہ میں پوری قوم کی جانب سے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس کو سلام پیش کرتا ہوں کو اپنی جان خطرے میں ڈال کر شہریوں کی جانیں بچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں سے بھی اپیل ہے کہ اپنے گھروں میں رہیں اور نماز پڑھیں۔


اسلام ٹائمز۔ لاہور کے گورنر ہاؤس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس ہوا جس میں صدر مملکت عارف علوی اور وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے اسلام آباد سے، گورنر کے پی کے نے پشاور سے گورنر سندھ سے کراچی سے اور گورنر پنجاب چودھری محمد سرور اور صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور پیر سعید الحسن شاہ نے لاہور سے جید علماء کے ہمراہ اجلاس میں شرکت کی۔ لاہور میں بادشاہی مسجد کے خطیب عبدالخبیر آزاد، جامعہ اشرفیہ کے مہتمم فضل رحیم اشرفی، جامعہ المنتظر سے علامہ محمد افضل حیدری، جامعہ نعیمیہ سے ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر اشرفی، جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ علامہ ساجد میر سمیت دیگر مکاتب فکر کے علماء نے شرکت کی۔ اجلاس میں متفقہ طور پر طے پایا کہ کورونا وائرس کے پیش نظر کل ملک بھر میں نماز جمعہ کے اجتماعات نہیں ہوں گے، شہری اپنے اپنے گھروں میں نماز ادا کریں گے۔

علمائے کرام کا کہنا تھا کہ جان کی حفاظت زیادہ ضروری ہے، اس لئے تمام شہری اپنے گھروں میں رہیں اور اپنی اور اپنے بچوں کی حفاظت کریں۔ گورنر پنجاب چودھری سرور کا کہنا تھا کہ میں پوری قوم کی جانب سے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس کو سلام پیش کرتا ہوں کو اپنی جان خطرے میں ڈال کر شہریوں کی جانیں بچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں سے بھی اپیل ہے کہ اپنے گھروں میں رہیں اور نماز پڑھیں۔ حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ گھروں میں رہیں، استغفار کریں، گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ ڈاکٹر راغب نعیمی کا کہنا تھا کہ شہری گھروں میں رہیں اور وہیں نماز ادا کریں۔ علامہ ساجد میر نے کہا کہ گھروں میں رہیں، زیادہ لوگوں سے نہ ملیں، خیرات کریں اور مستحقین کیلئے کھانے کا اہتمام کریں۔ مولانا فضل رحیم اشرفی نے کہا کہ میں ڈاکٹرز کو سلام پیش کرتا ہوں اور وعدہ کرتا ہوں کہ ان کیلئے سجدے میں دعا کروں گا۔ علامہ افضل حیدری نے کہا کہ شہری زیادہ سے زیادہ وقت اپنے گھروں میں گزاریں، نمازیں پڑھیں اور خالق سے توبہ و استغفار کریں اور اپنے بچوں کو بھی نماز پڑھنے کی تلقین کریں۔


خبر کا کوڈ: 852798

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/852798/علماء-کرام-نے-نماز-جمعہ-کی-ادائیگی-کیلئے-شہریوں-کو-مساجد-ا-نے-سے-روک-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org