QR CodeQR Code

گلگت بلتستان میں ملک کا پہلا انسداد کرونا ہسپتال قائم کرنے کا اعلان

26 Mar 2020 22:20

صوبائی حکومت کے مشیر اطلاعات شمس میر نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ کوڈ 19 کا خصوصی ہسپتال 45 کمروں پر مشتمل ہوگا جس کے لئے جگہ اور عمارت کا جلد انتخاب کیا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان میں ملک کا پہلا انسداد کرونا ہسپتال قائم کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔ صوبائی حکومت کے مشیر اطلاعات شمس میر نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ کوڈ 19 کا خصوصی ہسپتال 45 کمروں پر مشتمل ہوگا جس کے لئے جگہ اور عمارت کا جلد انتخاب کیا جائے گا، جہاں مریضوں کے ٹیسٹ سمیت دیگر سروسز ایک ہی جگہ پر فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں اب تک زائرین سمیت مختلف ممالک سے آئے ہوئے 2065 افراد کی سکریننگ کی گئی ہے۔ تمام 5 اضلاع میں 150 سے زائد مشتبہ مریض ہسپتالوں اور ہوٹلوں میں قائم قرنطینہ مراکز کے آئسولیشن رومز میں ہیں۔ صوبائی حکومت نے ہسپتالوں سمیت مختلف ہوٹلوں میں 1191 کمروں کا انتظام کیا ہے۔ ایمرجنسی کی صورت میں ہوٹلوں کو قرنطینہ سنٹر بنا کر کمروں کو آئسولیشن روم بنایا جائے گا۔ شمس میر نے کہا کہ جی بی میں 24 ہزار مستحق گھرانوں کو فوڈ آئٹم تقسیم کئے جائیں گے، جس کے لئے صوبائی حکومت نے 13 کروڑ روپے مختص کئے ہیں۔ مستحق گھرانوں میں تقسیم کئے جانے والے فوڈ آئٹمز میں اشیائے خوردونوش ہوگا جس کا وزن 30 کلو ہے۔ مستحق گھرانوں کی نشاندہی محکمہ سماجی بہبود، مقامی انتظامیہ اور علاقہ نمبردار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں گزشتہ دو دنوں سے سختی کی گئی ہے تاکہ کرونا وائرس کے پھیلاو کو روکا جا سکے۔ عوام اپنے گھروں میں رہیں اور بغیر کسی ضروری وجہ کے گھروں سے باہر نہ نکلیں۔


خبر کا کوڈ: 852849

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/852849/گلگت-بلتستان-میں-ملک-کا-پہلا-انسداد-کرونا-ہسپتال-قائم-کرنے-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org