QR CodeQR Code

پولیس کی بدتمیزی کیخلاف گلگت ہسپتال کے نرسنگ سٹاف کی ہڑتال

26 Mar 2020 22:31

جمعرات کے روز صوبائی ہیڈکوارٹر ہسپتال گلگت کے نرسنگ سٹاف سے پولیس نے بدتمیزی کی، گالیاں دیتے ہوئے تھپڑ بھی مارے۔ نرسنگ سٹاف نے احتجاج کرتے ہوئے تمام  وارڈز اور او پی ڈی بند کر دی۔


اسلام ٹائمز۔ پولیس کی بدتمیزی کیخلاف گلگت ہسپتال کے نرسنگ سٹاف نے ہڑتال کر دی اور شدید احتجاج کیا۔ جمعرات کے روز صوبائی ہیڈکوارٹر ہسپتال گلگت کے نرسنگ سٹاف سے پولیس نے بدتمیزی کی، گالیاں دیتے ہوئے تھپڑ بھی مارے۔ نرسنگ سٹاف نے احتجاج کرتے ہوئے تمام  وارڈز اور او پی ڈی بند کر دی۔ پیرامیڈیکل ایسوسی ایشن ضلع گلگت کے صدر شاہد حسین نے بتایا کہ جمعرات کے روز پی ایچ کیو ہسپتال کا جی ایم ٹی وسیم ہسپتال چوک پہنچا، جہاں پولیس کا ناکہ تھا۔ جی ایم ٹی نے پولیس کو اپنا کارڈ اور پاس دکھایا مگر ڈیوٹی پر موجود پولیس نے گالیاں دیتے ہوئے تھپڑ بھی مارے جبکہ خاتون ایم آر آئی ٹیکنیشن جو کہ نرسنگ یونیفارم میں اپنے بھائی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر ڈیوٹی کے لئے ہسپتال چوک پہنچی تو ناکے پر موجود پولیس نے انتہائی ہتک آمیز رویہ اپناتے ہوئے بدتمیزی کی، جس کے خلاف ڈی ایچ کیو کے تمام نرسنگ سٹاف نے او پی ڈی اور وارڈز میں کام چھوڈ ہڑتال کر دی۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے کے خلاف ایس ایس پی کو درخواست دی ہے جبکہ پولیس آفیسران اور اے سی گلگت نے یقین دہانی کرائی کہ متعلقہ پولیس اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی، جس پر نرسنگ سٹاف نے اپنا احتجاج ختم کرتے ہوئے دوبارہ ڈیوٹی شروع کی۔


خبر کا کوڈ: 852853

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/852853/پولیس-کی-بدتمیزی-کیخلاف-گلگت-ہسپتال-کے-نرسنگ-سٹاف-ہڑتال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org