QR CodeQR Code

آیت اللہ یعقوبی کیجانب سے قرنطینہ میں موجود زائرین کیلئے سامان پہنچانا شروع کر دیا، علامہ ہادی حسین

27 Mar 2020 07:54

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آیت اللہ یعقوبی کے پاکستان میں نمائندے کا کہنا تھا کہ میرے نزدیک پاکستان کے قرنطینہ سینٹرز میں موجود زائرین کی خدمت دینی فریضہ اور عظیم سعادت ہے، آج زائرین کی اس مشکل گھڑی میں پوری پاکستانی قوم انکے ساتھ ہے۔


اسلام ٹائمز۔ آیت اللہ محمد الیعقوبی کے پاکستان میں نمائندہ علامہ ہادی حسین نے کہا ہے کہ آیت اللہ محمد الیعقوبی کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے مرکزی دفتر اسلام آباد کی جانب سے پاکستان بھر کے قرنطینہ سنٹرز میں موجود زائرین اہلبیت علیہم السلام اور طلاب کی خدمت میں ضروریات زندگی پر مشتمل بھاری مقدار میں سامان پہنچانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے دیگر علمائے کرام کے ہمراہ ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انکا مزید کہنا تھا کہ آیت اللہ محمد الیعقوبی پاکستان کے قرنطینہ سینٹر میں موجود پاکستانی زائرین کو لے کر کافی پریشان ہیں اور ان کی خدمت میں دلچسپی لے رہے ہیں، جس کی بنا پر زائرین کی خدمت اور مشکلات میں کمی لانے کے لیے ہدایات جاری کی گئیں جن پر بلاتاخیر عمل درآمد کیا جارہا ہے۔

علامہ ہادی نے کہا کہ میرے نزدیک پاکستان کے قرنطینہ سینٹرز میں موجود زائرین کی خدمت دینی فریضہ اور عظیم سعادت ہے، آج زائرین کی اس مشکل گھڑی میں پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ ہے۔ اپنی گفتگو میں علامہ ہادی حسین نے متنبہ کیا کہ بدقسمتی سے چند شرپسند عناصر اور مفاد پرست سیاستدانوں کی جانب سے زائرین کو کورونا کی وبا پھیلانے کی وجہ قرار دینا افسوسناک ہونے کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں خلفشار کا باعث بن سکتا ہے۔ علامہ ہادی نے زائرین پر کورونا پھیلانے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے پاکستانی قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ اس قسم کے بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ باتوں پر کان نہ دھریں۔


خبر کا کوڈ: 852881

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/852881/آیت-اللہ-یعقوبی-کیجانب-سے-قرنطینہ-میں-موجود-زائرین-کیلئے-سامان-پہنچانا-شروع-کر-دیا-علامہ-ہادی-حسین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org