0
Friday 27 Mar 2020 20:50

شہری گھروں میں اپنے قرنطینہ ٹائم کو ’’قرآن ٹائم‘‘ بنائیں، سراج الحق

شہری گھروں میں اپنے قرنطینہ ٹائم کو ’’قرآن ٹائم‘‘ بنائیں، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ لاہور میں یوم توبہ کے موقع پر دیہاڑی دار مزدوروں کیلئے کھانے کی فراہمی کا جائزہ لینے کے بعد کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ کورونا وباء نے ثابت کر دیا ہے کہ ہمیں دفاع کے بعد ہیلتھ سکیورٹی کی طرف سب سے زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے، حکومت سرخ لکیر پر کھڑی ہے اور اب اس کے پاس غلطی کی گنجائش نہیں، اچھا ہوتا حکومت سیاسی جماعتوں کیساتھ سنجیدہ مشاورت کرتی اور قومی اتفاق رائے سے ایک متفقہ بیانیہ ترتیب دیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت پر تنقید نہیں اس کی اصلاح کرنا چاہتے ہیں مگر حکمران اب بھی اپنی ذات کے عشق سے نہیں نکل سکے، اس وباء کے حوالے سے بہت پہلے سے پیش گوئیاں ہو رہی تھیں مگر ملکی اور عالمی سطح پر اس کے سدباب کیلئے کوئی انتظامات نہیں کئے گئے۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ یہ قدرتی وباء ہے یا حیاتیاتی جنگ، ہمارا ہیلتھ سسٹم ایسا ہونا چاہئے کہ ہر سطح پر اس کو روکا جا سکے، ایڈمنسٹریشن کی قیادت میں ہمارا صحت کا نظام بری طرح ناکام ثابت ہوا ہے، حکومت کے چند سو کارندے اتنے بڑے ڈیزاسٹر سے نپٹنے کی صلاحیت نہیں رکھتے، اس لئے حکومت کو فرنٹ لائن پر کام کرنے کی صلاحیت اور جذبہ رکھنے والے ڈاکٹروں کو اپنے ساتھ ملانا اور انہیں عالمی معیار کی پروٹیکشن دینا ہوگی۔

سراج الحق نے عوام سے اپیل کی کہ لاک ڈاؤن کے دوران گھروں میں اپنے قرنطینہ ٹائم کو ’’قرآن ٹائم‘‘ بنائیں، اپنے گھر والوں کیساتھ مل کر روزانہ کم از کم ایک پارے کی تلاوت کریں، احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کیساتھ ساتھ اللہ کو راضی کرنے کی ضرورت ہے، اور اس کا بہترین طریقہ تلاوت قرآن کریم اور رکوع سجود میں اللہ کی حمد و ثنا ءہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی ناراضگی کو دور کرنے کیلئے خود اللہ تعالی نے جو راستہ ہمیں بتایا ہے اس پر چل کر ہی ہم اس وبا سے بچ سکتے ہیں، کرونا نے انسانوں کو مارا، عالمی معیشت کو تباہ کیا اور سائنس اور ٹیکنالوجی کو ناکام بنایا ہے، احتیاط اور تدبیر انبیاء کی سنت ہے، عوام سرکاری احکامات اور ہدایات پر عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سرکاری و غیر سرکاری ہسپتالوں کو وینٹی لیٹرز کی فوری فراہمی کو یقینی بنائے، سستے ماسک، سینی ٹائزر اور صابن کا کھلا انتظام کرے، ڈیلی ویجر، مزدوروں، گھروں میں کام کرنیوالے مردوں اور عورتوں کیلئے امدادی اور خوراک کے اعلان کردہ پیکیج پر عملدرآمد کروائے، تمام ہسپتالوں میں کورونا کی تشخیص اور علاج کا انتظام کیا جائے ،25 ہزار روپے سے کم آمدن والوں کے بجلی و گیس کے بل معاف کرے ،سود کے مکمل خاتمہ کا فوری اعلان کرے۔
خبر کا کوڈ : 853017
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش