0
Friday 27 Mar 2020 21:42

نماز جمعہ کے اجتماعات پر پابندی عائد کرکے اللہ کے غضب کو بڑھایا جا رہا ہے، جے یو پی

نماز جمعہ کے اجتماعات پر پابندی عائد کرکے اللہ کے غضب کو بڑھایا جا رہا ہے، جے یو پی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء پاکستان (نورانی) کے مرکزی ترجمان ڈاکٹر محمد یونس دانش نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے مساجد میں نماز جمعہ پر پابندی عائد کرکے اللہ تعالیٰ کے غضب کو مزید بڑھانے کی کوشش کی ہے۔ اپنے ایک بیان میں مرکزی ترجمان یونس دانش نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء سے نجات حاصل کرنے کیلئے دنیا بھر کے لبرل اور سیکولر اللہ کی وحدانیت کا اقرار کرتے ہوئے مساجد کو آباد اور قرآن پاک کی تعلیمات سے فیضیاب ہو رہے ہیں، امریکی کانفرنس میں صدر ٹرمپ کی موجودگی میں قرآن پاک کی تلاوت اور چینی صدر کی مسجد جا کر باوضو نماز کی ادائیگی پاکستان کے حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہے کہ وہ پاکستان میں ایسے اقدامات کریں، جس سے اللہ اور اس کا رسولؐ راضی ہوں، نہ کہ ایسے اقدامات کئے جائیں، جس سے اللہ اور اس کے رسول کی ناراضگی کا باعث بنیں۔

یونس دانش نے کہا کہ اللہ نے معمولی ابابیل کی کنکریوں کے ذریعے ہاتھیوں کے لشکر کو تباہ کر دیا، اس کی قدرت کے سامنے کورونا وائرس کچھ بھی نہیں، قوم وباء سے بچنے کیلئے آقا کریمﷺ کے احکامات کی روشنی میں احتیاطی تدابیر اختیار کرے، اپنے پرودگار کی خوشنودی کیلئے اسلامی احکامات کو بجا لائیں، رب کی رحمت سے پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمان اس وباء سے نجات پانے میں کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کرکے سندھ حکومت نے پہلے ہی بچوں، عورتوں اور بزرگوں پر مشتمل 70 فیصد آبادی کو غذائی اجناس سے محروم کیا ہوا ہے، روزانہ اجرت پر کام کرنے والے مزدور، محنت کش، دہاڑی دار اور سفید پوش طبقہ اس وقت حکومتی امداد کے انتظار میں گھروں میں بیٹھے کورونا وائرس سے نجات کیلئے بارگارہ رب العزت میں گڑگڑا کر دعائیں کر رہے ہیں، لیکن حکومت عوام کو ریلیف دینے کی بجائے نماز جمعہ کے عظیم فریضہ سے محروم کرکے ایسے اقدامات کر رہی ہے، جس سے حالات مزید خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 853029
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش