1
Friday 27 Mar 2020 23:16

اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی خواتین کی حالت انتہائی ناگفتہ بہ ہے، انجمن اسرائے فلسطین

اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی خواتین کی حالت انتہائی ناگفتہ بہ ہے، انجمن اسرائے فلسطین
اسلام ٹائمز۔ فلسطینی قیدیوں کی دیکھ بھال کے ادارے "انجمن اسرائے فلسطین" نے اپنے ایک بیان میں اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی خواتین کی ناگفتہ بہ حالت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی خواتین کی حالت انتہائی خراب ہے۔ اس فلسطینی تنظیم کا کہنا ہے کہ اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی خواتین کو اپنے نزدیکی رشتہ داروں سے ملاقات کا حق بھی نہیں دیا جاتا حتی کہ وہاں قید فلسطینی مائیں اپنے بچوں کو دیکھ بھی نہیں پاتیں اور نہ ہی اپنے گھر والوں  کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو کر سکتی ہیں۔


عرب مجلے "الشرق الاوسط" کے مطابق فلسطینی قیدیوں کی انجمن کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی خواتین میں بعض شیرخوار بچوں کی مائیں بھی شامل ہیں جنہیں اپنے بچوں سمیت کسی سے بھی ملنے نہیں دیا جاتا۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی خواتین کو اسرائیلی جیلوں کے اندر نہ صرف انواع و اقسام کی اذیتیں دی جاتی ہیں بلکہ اسرائیلی تفتیشی افسر اور دوسرے اہلکار بھی ان کے ساتھ انتہائی ناروا برتاؤ کرتے ہیں۔


عرب جریدے کے مطابق سال 2019ء سے فلسطینی خواتین کے حوالے سے اسرائیلی فوج و پولیس کے تشدد و بربریت میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے جس میں گرفتاری کے دوران ان کو گولیوں کا نشانہ بنانا، تفتیش کے دوران انہیں برہنہ کرنا اور انہیں ایسی جیلوں میں قید رکھنا شامل ہے جہاں زندگی گزارنا ممکن نہ ہو۔ عرب جریدے الشرق الاوسط کے مطابق اسرائیلی جیلوں میں قید کی جانے والی خواتین کو انسانیت سوز جرائم کا شکار بنایا جاتا ہے جن میں لمبی مدت کے لئے جگائے رکھنا، مسلسل اور پرتشدد تفتیش، ڈرانا دھمکانا، کال کوٹھڑیوں میں بند کئے رکھنا، بلیک میل کرنا، شدید ضرب و شتم کا نشانہ بنانا اور شکنجے دینا شامل ہے۔


فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے مرکزی رہنما وصفی قبھا نے بھی اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ فلسطین (اسرائیل) کے اندر جدید کرونا وائرس کے وسیع پھیلاؤ کے پیش نظر وہ اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں کے لئے ماسک اور جراثیم کش ادویات سمیت کرونا وائرس سے بچاؤ کا ضروری سامان مہیا کریں۔ وصفی قبھا کا کہنا تھا کہ فلسطینی قیدیوں کی طرف سے ماسک اور دوسرے طبی سامان کے مطالبے کو اسرائیلی حکام کی طرف سے مسلسل مسترد کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی بیگناہ قیدی اسرائیلی ظلم و ستم کے ساتھ ساتھ کرونا وائرس کے مقابلے میں بھی بے بس بنا دیئے گئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 853047
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش