0
Saturday 28 Mar 2020 04:36

ایران پر عائد پابندیوں میں نرمی یا تبدیلی نہیں ہوگی، امریکی وزارت خارجہ

ایران پر عائد پابندیوں میں نرمی یا تبدیلی نہیں ہوگی، امریکی وزارت خارجہ
اسلام ٹائمز۔ ایران میں پھیلتے کرونا وائرس سے مقابلے میں امریکی پابندیوں کے رکاوٹ بننے کے باعث ایران پر عائد پابندیوں کے اٹھا لئے جانے یا انہیں نرم کرنے کے عالمی مطالبے کے باوجود امریکی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف زیادہ سے زیادہ دباؤ کی امریکی پالیسی جاری رہے گی۔ تفصیلات کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان مورگن اورٹاگوس نے انسانی حقوق پر مبنی امریکی دعووں کے برعکس کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باوجود ایران پر عائد امریکی پابندیوں کے جوں کے توں رہنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے خلاف امریکہ کی زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پالیسی برقرار رہے گی۔

مورگن اورٹاگوس نے سعودی اخبار کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر عائد امریکی پابندیوں میں نرمی یا تبدیلی کا کوئی امکان موجود نہیں۔ امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور انسانی حقوق کمیشن کی ہائی کمشنر سمیت دنیا بھر کے متعدد سربراہان مملکت کی طرف سے ایران پر عائد امریکی پابندیوں کے اٹھا لئے جانے کے مطالبے کے جواب میں کہا ہے کہ ایران کے پاس یہ فرصت موجود ہے کہ وہ مذاکرات کی میز پر بیٹھ کر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی وزیر خارجہ مائیک پمپیو کے ساتھ مذاکرات کرے، تب ممکن ہے کہ اس پر عائد پابندیاں معطل کر دی جائیں۔

واضح رہے کہ امریکی پابندیوں کی بناء پر ایران میں کرونا وائرس سے مقابلے کے لئے ضروری طبی سامان کی درآمد میں شدید رکاوٹ پیش آرہی ہے جبکہ امریکی حکام اس بات پر مصر ہیں کہ ایران امریکہ کی طرف سے بھیجی جانے والی امداد کو قبول کرے، جبکہ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ جب امریکہ خود کرونا وائرس سے مقابلے کے لئے دوسرے ممالک سے مدد کا طلبگار ہے تو وہ ایران کی مدد کیسے کرسکتا ہے۔ علاوہ ازیں ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ عالمی ماہرین دنیا بھر میں کرونا وائرس کو بطور جنگی ہتھیار کے استعمال کئے جانے کے حوالے سے امریکہ کو شک کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، جبکہ ایسی صورتحال میں امریکی امداد کو قبول کرنا ایرانی عوام کے خلاف اس کی کسی بھی ممکنہ سازش کو عملی جامہ پہنانے کے مترادف ہے۔
خبر کا کوڈ : 853084
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش