0
Saturday 28 Mar 2020 19:47

سنی اتحاد کونسل کی سندھ میں علماء کی گرفتاریوں کی مذمت

سنی اتحاد کونسل کی سندھ میں علماء کی گرفتاریوں کی مذمت
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ سندھ حکومت علماء کی پکڑ دھکڑ بند کرے اور گرفتار کئے گئے علماء کو فی الفور رہا کیا جائے، حکومت علماء کیساتھ کشیدگی پیدا کرکے نیا محاذ کھولنے کی حماقت نہ کرے، اس وقت ملک کو انتشار نہیں اتحاد کی ضرورت ہے، قومی یکجہتی کے ذریعے ہی کرونا وبا کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے، ہر طبقے کو کرونا کیخلاف یک رخ اور یکسو ہونے کی ضرورت ہے۔ مختلف علماء و مشائخ سے گفتگو کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ علماء حالات کی سنگینی کے پیش نظر مدبرانہ فیصلے کریں اور کرونا وبا کو پھیلنے سے روکنے کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں، غیر معمولی حالات میں غیر روایتی اور غیر معمولی فیصلے کرنا ہوں گے، بیماری اور وبا سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا اسلام کا واضع حکم ہے۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ پوری قوم کرونا کیخلاف جنگ لڑنے والے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو سلام پیش کرتی ہے، گھروں میں رہنا اور توبہ استغفار ہی کرونا وائرس کا واحد علاج ہے، ہر فرد اپنی تنہائی کو یاد الہی سے آباد کرے، آزمائش کی اس گھڑی میں ایثار و قربانی کی روش اختیار کر کے غریبوں کی مدد کرنا ہی اللہ کو راضی کرنے کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کی نافرمانی چھوڑ کر اطاعت الہی کا راستہ اختیار کیا جائے، لاک ڈاؤن کی زد میں آئی ہوئی دنیا کشمیر میں بھارتی حکومت کا لاک ڈاؤن ختم کروائے، کرونا وبا دراصل آزمائش اور تنبیہہ ہے، انسانیت کو اللہ کی طرف پلٹنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومتی اقدامات اور فیصلوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، اس وقت حکومت کیساتھ تعاون کی ضرورت ہے، یہ سیاست کا وقت نہیں ہے، آپس کی لڑائیاں بھول کر متحد ہونا انتہائی ضروری ہے۔
خبر کا کوڈ : 853109
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش