0
Saturday 28 Mar 2020 15:18
لاہور، راولپنڈی، ڈی آئی خان کے کئی علاقے سیل کر دیئے گئے

کورونا اپڈیٹس، متاثرین کی تعداد 1408، اضافے کا خدشہ، 11 افراد جاں بحق

لوئر دیر میں کورونا سے خاتون جاں بحق، تالاش کا علاقہ سیل
کورونا اپڈیٹس، متاثرین کی تعداد 1408، اضافے کا خدشہ، 11 افراد جاں بحق
اسلام ٹائمز۔ ملک بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 1408 تک جا پہنچی ہے جب کہ وائرس سے اب تک 11 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ حکومتی اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 1408 ہو گئی ہے۔ سندھ میں کورونا کے 457، پنجاب میں 490، بلوچستان میں 133، خیبر پختونخوا میں 180، گلگت بلتستان میں 107، اسلام آباد میں 39 اور آزاد کشمیر میں 2 مریض ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے متاثرہ 2 مریض زندگی کی بازی ہار گئے جس کے بعد ملک بھر میں اس وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 11 ہو گئی ہے جب کہ 7 افراد کی حالت تشویشناک ہے اور 23 صحتیاب ہو چکے ہیں۔

نئے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد سندھ سے بھی تجاوز کرکے 490 تک جا پہنچی ہے جب کہ سندھ میں مریضوں کی تعداد 457 ہے، نئے کیسز سامنے آنے کے بعد پنجاب کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ بن گیا ہے۔ کورونا وائرس کے باعث سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن میں مزید سختی کا فیصلہ کیا ہے اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صبح 8 سے شام 5 بجے تک صوبے بھر میں دکانیں بند کرانے کی ہدایت کر دی ہے تاہم صرف میڈیکل اسٹور 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آئی جی پولیس کو صوبے میں لاک ڈاؤن کو مزید سخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لوگ ابھی تک شہر میں گھوم رہے ہیں، لوگوں کا تعاون عوام کی صحت کا ضامن ہے، اس لئے عوام  لاک ڈاؤن اور حکومت کے فیصلوں کا احترام کریں۔

گزشتہ روز لندن کے ایک نیوز چینل نے وزیراعظم عمران خان کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی خبر نشر کی تھی تاہم سینیٹر فیصل جاوید نے وزیراعظم کا کورونا کووڈ 19 کا ٹیسٹ مثبت آنے کی غیر ملکی ٹی وی چینل کی خبر تردید کردی ہے۔ آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کے پیش نظر مساجد میں نماز ادا کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے، ڈپٹی کمشنر بدرمنیر کا کہنا ہے کہ مساجد میں موذن امام اور خادم با جماعت نماز ادا کریں گے جب کہ آزاد کشمیر علماء کرام محکمہ صحت عامہ کی مشاورت سے فیصلہ کیا گیا۔ دوسری جانب کراچی میں لیاقت نیشنل اسپتال کے ایک ڈاکٹر میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے، اسپتال ترجمان کے مطابق ایک ریڈیولوجسٹ کورونا وائرس سے متاثر ہوا ہے، متاثرہ ڈاکٹر رائے ونڈ تبلیغی اجتماع سے واپس آئے تھے، واپس آنے پر ٹیسٹ کروایا جس کے نتائج مثبت آئے۔

اسپتال ترجمان کا کہنا ہے کہ متاثرہ ڈاکٹر کو چھٹیاں دے دی گئی ہیں جب کہ ڈیپارٹمنٹ میں کام کرنے والے دیگر عملے کو بھی چھٹیاں دے دی گئیں ہیں، تمام افراد نے گھروں میں خود کو سیلف کورنٹائین کر لیا ہے، علامات ظاہر ہونے پر ٹیسٹ کروانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ کورونا وائرس کے باعث خاتون کے انتقال کرجانے پر لوئر دیر میں زیارت تالاش کا علاقہ مکمل طور پر سیل کردیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر لوئر دیر کا کہنا ہے کہ 25 مارچ کو مریضہ کا اسپتال کے آئی سی یو میں انتقال ہوا، جاں بحق خاتون 15 مارچ کو عمرہ کرکے لاہور سے لوئر دیر آئی تھی۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق وفات پانے والی خاتون کے رشتہ داروں کے بھی ٹیسٹ کیے جائیں گے جب کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے علاقے میں مساجد سے اعلانات بھی کیے جارہے ہیں۔

علاوہ ازیں آئندہ 48 گھنٹوں میں کورونا کے مریضوں کی تعداد آؤٹ بریک ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں خدشے کی بنا پہ انتظامیہ نے مختلف علاقوں میں موجود تقریباً 18 افراد کے سمپل لیکر کورونا ٹسٹ کیلئے لیبارٹری بھیجوائے ہیں۔ ان کی رپورٹس پہ ڈیرہ اسماعیل خان کی پوزیشن کلیئر ہونے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ راولپنڈی میں سسکتھ روڈ سے متصل علاقے سے متعلق سوشل میڈیا پہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ پورے علاقے میں سے جتنے بھی افراد کے سمپل لیئے جارہے ہیں، ان کی رپورٹس میں کورونا وائرس مثبت آرہا ہے۔ لاہور میں امامیہ کالونی سمیت متعدد علاقوں کو سیل کر دیا گیا ہے کیونکہ ان علاقوں میں کورونا متاثرین کی بڑی تعداد موجود ہونے کا خدشہ ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ پاکستان میں کورونا کے مشتبہ مریضوں کی تعداد دس ہزار سے زائد ہے۔ پاکستان کے ایک سینئر صحافی نے اپنی سوشل میڈیا پہ خبر جاری کی ہے کہ پاکستان میں کورونا متاثرین کی تعداد ساڑھے تین ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ حکومت اسے روکنے کی استعداد نہیں رکھتی۔ 
خبر کا کوڈ : 853197
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش