QR CodeQR Code

حکومت کا جامعہ الازھر سے فتویٰ لینا پاکستانی علماء کرام پر عدم اعتماد ہے، زاہد حبیب قادری

28 Mar 2020 19:48

سنی تحریک پنجاب کے جنرل سیکرٹری کا کہنا تھا کہ حکومت مساجد کی تالہ بندی سے باز رہے، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کے علماء کے متعلق توہین آمیز بیانات کی مذمت کرتے ہیں، فواد چودھری ملک میں افراتفری پھیلانے کی سازش میں مصروف ہیں، حکومت فواد چودھری جیسے وزراء کو مذہبی معاملات میں مداخلت سے روکے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک صوبہ پنجاب کے جنرل سیکرٹری محمد زاہد حبیب قادری نے کہا ہے کہ حکومت مساجد کی تالہ بندی سے باز رہے، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کے علماء کے متعلق توہین آمیز بیانات کی مذمت کرتے ہیں، فواد چودھری ملک میں افراتفری پھیلانے کی سازش میں مصروف ہیں، حکومت فواد چودھری جیسے وزراء کو مذہبی معاملات میں مداخلت سے روکے، جید علماء کرام کی موجودگی میں حکومت کا جامعہ الازھر سے فتویٰ طلب کرنا ملک کے علماء کرام پر عدم اعتماد کرنے کے مترادف ہے، مفتی منیب الرحمن کی قیادت میں تمام مسالک کے علماء کی مشاورت سے بنائے گئے متفقہ شرعی اعلامیہ پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں علماء کرام کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انکا مزید کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی آڑ میں ملک میں کنفیوژن پھیلانے والے اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں، وفاقی اور صوبائی حکومتیں اپنی ساری توانائیاں قوم کو با جماعت نمازوں سے روکنے اور نماز جمعہ پر قدغن کی تشہیر پر نہ صرف کریں، کورونا وائرس کے متعلق پاکستانی قوم کو تقسیم کرنا اور خوف و ہراس میں مبتلا کرنا کسی صورت قومی مفاد میں نہیں، ایسے اقدامات نہ کئے جائیں جو اللہ اور اس کے رسول کی ناراضگی کا باعث بنیں، ملک بھر کی دینی جماعتیں، علماء و مشائخ اور خطباء کورونا کیخلاف بھرپور مہم چلائے ہوئے ہیں اور عوام میں بیداری شعور کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 853247

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/853247/حکومت-کا-جامعہ-الازھر-سے-فتوی-لینا-پاکستانی-علماء-کرام-پر-عدم-اعتماد-ہے-زاہد-حبیب-قادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org