QR CodeQR Code

سندھ حکومت گرفتار پیش اماموں کو رہا اور مقدمات ختم کرے، اسداللہ بھٹو

28 Mar 2020 22:55

اپنے ایک بیان میں ملی یکجہتی کونسل سندھ کے صدر نے کہا کہ علماء کرام نے بھی حکومت کا ساتھ دیا اور اپنا مثبت کردار ادا کیا، لیکن حکومت پکڑ دھکڑ کے ذریعے معاملات کو اچھال رہی ہے، جو کہ افسوس ناک امر ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ملی یکجہتی کونسل سندھ کے صدر اسداللہ بھٹو نے سندھ حکومت کی ایما پر مساجد کے پیش امام و خطباء کی گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مقدمات ختم اور گرفتار علماء کو رہا کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ اسداللہ بھٹو نے کہا کہ ملک اس نازک ترین صورتحال سے دوچار ہے، اس موقع پر معاملات کو ڈنڈے کے زور پر حل کرنا قوم کے مفاد میں نہیں ہے، کورونا وائرس کی وبا قوم و پوری انسانیت کا مسئلہ ہے، پاکستان سمیت پوری دنیا میں تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے علماء کرام نے بھی حکومت کا ساتھ دیا اور اپنا مثبت کردار ادا کیا، لیکن حکومت پکڑ دھکڑ کے ذریعے معاملات کو اچھال رہی ہے، جو کہ افسوس ناک امر ہے۔

اسداللہ بھٹو نے کہا کہ نماز جمعہ کے متعلق نوٹی فیکیشن اچانک جاری کیا گیا تھا، لیکن اس کے باوجود عوام نے 90 فیصد اس پر عمل کیا تھا، لہٰذا مزید ہم آہنگی کے ذریعے 100 فیصد اس پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ اسداللہ بھٹو نے علماء کرام سے اپیل کی کہ اتحاد تنظیمات مدارس کے متفقہ فیصلے پر عملدرآمد یقینی اور حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کرکے لوگوں کو وبائی مرض سے بچایا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گرفتار علماء کرام کو رہا اور مقدمات ختم کئے جائیں۔


خبر کا کوڈ: 853281

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/853281/سندھ-حکومت-گرفتار-پیش-اماموں-کو-رہا-اور-مقدمات-ختم-کرے-اسداللہ-بھٹو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org