0
Sunday 29 Mar 2020 02:48

پاکستان میں کورونا وائرس پھیلنے کا زائرین سے کوئی تعلق نہیں، علامہ ساجد نقوی

پاکستان میں کورونا وائرس پھیلنے کا زائرین سے کوئی تعلق نہیں، علامہ ساجد نقوی
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستانکے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کا کہنا ہے کہ یہ کھلی حقیقت ہے کہ پاکستان میں زائرین سے کورونا نہیں پھیلا، زائرین پاکستانی حدود میں داخل ہوتے ہی آج تک حکومتی تحویل میں ہیں، البتہ زائرین کو اکٹھا رکھنے سے ان میں متاثرہ افراد کی تعداد بڑھی، تفتان بارڈر پر سیٹ اپ نہ ہونے کا اعتراف وزیراعظم سمیت خود وفاقی حکومت نے کرلیا، عوام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، مخیرحضرات آگے بڑھیں، مشکل ترین وقت میں ذمہ داریاں انجام دینے والے ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل سٹاف کو داد تحسین پیش کرتے ہیں۔

ایک بیان میں علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ پاکستان ایک عالمی وباء سے متاثر ہورہا ہے، یہ بھی ایک کھلی حقیقت ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس پھیلنے کا زائرین سے کوئی تعلق نہیں، البتہ ایک جگہ زائرین کو رکھنے کی وجہ سے زائرین کی بڑی تعداد ضرور اس سے متاثر ہوئی کیونکہ تفتان سمیت جن جگہوں پر ابتدائی طور پر زائرین کو شفٹ کیا گیا وہاں زائرین کو ایک جگہ رکھا گیا اور مطلوبہ ضروریات بھی نہ ہونے کے برابر تھیں، ملک میں زائرین کی وجہ سے کورونا نہیں پھیل سکتا تھا کیونکہ وہ پاکستان میں داخل ہوتے ہی حکومتی تحویل میں تھے اور آج تک مختلف قرنطینہ سینٹرز میں موجود ہیں، جنہیں صحت مند قرار دیاگیا ہے، ان کا بھی مکمل ریکارڈ حکومت کے پاس موجود ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے سینئر صحافیوں سے گفتگو کے دوران خود کہا کہ تفتان پر بدانتظامی نہیں بلکہ سیٹ اپ ہی نہیں تھا اور جس جانب ہم متوجہ کررہے تھے اس کی وضاحت خود ان کے اپنے الفاظ سے ہوگئی، پاکستان بھی اس عالمی چیلنج سے نمٹ رہا ہے جس نے دیگر دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، اس مشکل وقت میں عوام کو چاہیئے کہ وہ تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں جبکہ مخیر حضرات کو چاہیئے کہ وہ اس موقع پر قوم کی خدمت کے لئے آگے بڑھیں، امید ہے جلد عالم انسانیت سمیت پاکستان اس وباء سے چھٹکارا پالے گا۔ اس موقع پر انہوں نے متاثرہ افراد کا علاج کرنیوالے معالجین اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو بھی داد تحسین پیش کیا۔
خبر کا کوڈ : 853313
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش