QR CodeQR Code

خیبر پختونخوا کے 26 اضلاع سمیت ملک بھر میں فوج تعینات

29 Mar 2020 10:47

کورونا وائرس کی وباء پورے ملک میں پھیل چکی ہے اور اب تک 12 افراد موت کے منہ میں چلے گئے ہیں، جبکہ ملک بھر میں لاک ڈاؤن ہے۔


اسلام ٹائمز۔ کورونا وائرس کی وجہ سے ملک کے بیشتر اضلاع میں پاک فوج کے دستے تعینات کر دیئے گئے۔ خیبر پختونخوا کے 26 اضلاع، پنجاب کے 34، سندھ کے 29 اضلاع میں پاک فوج کے دستے تعینات کئے گئے ہیں، جبکہ بلوچستان کے 9، گلگت بلتستان کے تمام 10 اضلاع اور آزاد کشمیر میں بھی پاک فوج کے دستے تعینات کئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وباء پورے ملک میں پھیل چکی ہے اور اب تک 12 افراد موت کے منہ میں چلے گئے ہیں، جبکہ ملک بھر میں لاک ڈاؤن ہے۔ کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک ہزار 400 سے تجاوز کر گئی۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 557، سندھ میں 469، خیبر پختونخوا میں 188، بلوچستان میں 133 گلگت بلتستان میں 107، اسلام آباد میں 39 جبکہ آزاد کشمیر میں 2 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ وائرس سے پنجاب میں 5، خیبر پختونخوا میں 4، جبکہ سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں ایک، ایک شخص جاں بحق ہوا۔

دوسری جانب کورونا وائرس کیخلاف ٹائیگر فورس میں رضاکاروں کی رجسٹریشن سٹیزن پورٹل کے ذریعے 31 مارچ کو شروع کی جائے گی۔ آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ لنڈی کوتل اور جمرود میں 1500 افراد کیلئے قرنطینہ سینٹر کی سہولت قائم کی جارہی ہے۔ علاوہ ازیں فوج پشاور، مردان چارسدہ اور بونیر کے 10 علاقوں کو الگ تھلگ کر رہی ہے جہاں کورونا وائرس کے واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔ آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق بلوچستان، آزاد کشمیر و گلگت بلتستان، پنجاب اور تفتان سمیت سندھ میں بھی فوجی دستے تعینات کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایران کے ساتھ تفتان بارڈر کراسنگ اور افغانستان کے ساتھ چمن بارڈر کراسنگ پر قرنطینہ سینٹرز پر فوجیوں کی تعیناتی پر خصوصی توجہ دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فوج کے دستے، ڈاکٹر اور پیرا میڈیکس تفتان قرنطینہ سینٹر میں سول انتظامیہ کی مدد کرتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 853341

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/853341/خیبر-پختونخوا-کے-26-اضلاع-سمیت-ملک-بھر-میں-فوج-تعینات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org