0
Sunday 29 Mar 2020 18:37

راشن پیکنگ کے دوران عامر لیاقت اور ظفر عباس کی گفتگو وائرل، رکن اسمبلی کی حکومت پر بھرپور تنقید

راشن پیکنگ کے دوران عامر لیاقت اور ظفر عباس کی گفتگو وائرل، رکن اسمبلی کی حکومت پر بھرپور تنقید
اسلام ٹائمز۔ حکومت پاکستان کی جانب سے لاک ڈاﺅن کے دوران دیہاڑی داروں کو راشن اور امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم اب تک اس پر کراچی میں تو عملدرآمد نہیں ہو سکا ہے جس پر تحریک انصاف کے رکن اسمبلی عامر لیاقت کافی نالاں دکھائی دیتے ہیں اور کہتے ہیں جب میں کوئی سوشل میڈیا پر تجویز دیتا ہوں تو آگے سے گندی گندی گالیاں پڑتی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق عامر لیاقت اور جے ڈی سی چیئرمین ظفر عباس کے درمیان گفتگو کی ایک ویڈیو تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ کراچی میں جے ڈی سی ہاؤس کے باہر بیٹھے غریبوں کیلئے راشن کے بیگ بناتے دکھائی دیتے ہیں اور ساتھ ہی ساتھ حکومتی اقدامات کے بارے میں تبصرہ بھی کر رہے ہیں۔ ویڈیو میں ظفر عباس نے عامر لیاقت سے سوال کیا کہ آپ وفاق میں ہیں، حکومت کس وقت گرانٹ دے گی، جب دیہاڑی دار طبقہ اپنے بچوں کی بھوک کی وجہ سے باہر نکل آئے گا؟ عامر لیاقت نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت اتنی خوفناک صورتحال ہے، اب بھی گرانٹ کا اعلان نہیں ہوا اور فوری طور پر پیسے نہیں دیئے گئے تو پتا نہیں آپ کیا دیکھ رہے ہیں لیکن میں تو افراتفری مچتی ہوئی دیکھ رہا ہوں، مجھے لگ رہا ہے کہ لوگ گھروں میں بیٹھیں گے اور باہر نکل آئیں گے۔

ظفر عباس نے عامر لیاقت سے سوال کیا کہ عمران خان آپ کی پارٹی کے ہیں، آپ رکن اسمبلی ہیں، تحریک انصاف کے رہنما نے سوال سنا اور جواب دیتے ہوئے جذباتی ہوگئے، کہنے لگے کہ سر میں روز کہہ رہا ہوں لیکن مجھے سوشل میڈیا پر گالیاں پڑنی شروع ہوجاتی ہیں، اگر میں کوئی بات سمجھا رہا ہوں کہ اس کام کر کس طرح کرنا چاہیئے تو گندی گندی گالیاں دے رہے ہیں اور بات نہیں سن رہے۔ عامر لیاقت نے تنقید کے تیر چلاتے ہوئے کہا کہ اصولی طور پر منتخب راکین وہاں بیٹھے ہوتے، اب دو دن سے وہاں پر اسد عمر اور خسرو بختیار بیٹھے ہیں، اس سے پہلے حفیظ شیخ اور ظفر مرزا بیٹھے تھے، جب آپ منتخب اراکین سے پوچھیں تو ہم بتائیں گے، منتخب اراکین گراؤنڈ پر ہیں، آپ مجھے گراؤنڈ پر دیکھ رہے ہیں، میں جانتا ہوں کہ اس وقت کیا پریشانی ہے، مجھ سے پوچھیں میں بتاﺅں گا۔

عامر لیاقت کا کہنا تھا کہ میں عمران خان کو بتاﺅں کہ آپ یہاں تشریف لائیں، آپ یہاں پر سامان بھجوائیں، وہ بات نہیں کرنے دے رہے اور جب بات کرتا ہوں تو پھر سوشل میڈیا پر گالیاں دینا شروع ہوجاتے ہیں۔ عامر لیاقت نے کہا کہ ہمیں اڑھائی سو راشن کے بیگ ملنے تھے، جس پر ظفر عباس نے سوالیہ انداز میں کہا کہ ” اڑھائی ہزار “، عامر لیاقت بولے کہ نہیں ہر ضلع کے ایک رکن قومی اسمبلی کو اڑھائی سو بیگ ملنے تھے وہ بھی ابھی تک نہیں ملے ہیں۔ ظفر عباس نے کہا کہ کراچی کی آبادی ساڑھے چار کروڑ ہے۔ عامر لیاقت نے کہا کہ کراچی نے ہمیں 14 سیٹیں دی ہیں، اڑھائی سو بیگ سے کیا بنے گا۔ انہوں نے ظفر عباس سے کہا کہ چھ ہزار بیگ آپ لوگ بانٹ رہے ہیں یہاں پر لیکن تقریبا دس ہزار بیگ بن رہے ہیں، میں خود بہت پریشان ہوں، میرے علاقے میں لوگ رو رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 853421
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش