QR CodeQR Code

جموں گاندھی نگر ہسپتال میں 200 اضافی قارنطینہ بسترے تیار ہیں، اٹل ڈولو

29 Mar 2020 23:10

گورنمنٹ ہسپتال گاندھی نگر اور گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں کے ساتھ وابستہ دیگر ہسپتالوں میں آئسولیشن سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ افسروں کی ایک میٹنگ میں حال ہی میں لیا گیا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ صحت و طبی تعلیم کے فائنانشل کمشنر اٹل ڈولو نے کہا کہ مختلف ہسپتالوں میں کورونا وائرس کیسوں کا علاج و معالجہ کی سہولیات میں اضافہ کرنے کے لئے اضافی آئسولیشن کمرے اور وارڈ کھولے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ان ہسپتالوں میں انٹیسو کئیر یونٹ بستروں کا بھی انتظام کیا جا رہا ہے۔ ان باتوں کا اظہار فائنانشل کمشنر نے  گورنمنٹ ہسپتال گاندھی نگر جموں کے دورے کے دوران کیا۔ فائنانشل کمشنر نے اس موقعہ پر ہسپتال کے نئے بلاک پر جاری کام کا بھی جائزہ لیا جسے خصوصی طور پر کووڈ 19 مریضوں کے علاج و معالجے کے لئے استعمال کیا جائے گا۔ گاندھی نگر ہسپتال میں تعمیر کئے جا رہے نئے بلاک میں 200 آئسولیشن بستروں کی گنجائش رکھی گئی ہے اس کے علاوہ ہسپتال میں کووڈ 19 مریضوں کیلئے پہلے ہی 90 آئسولیشن بسترے تیار رکھے گئے ہیں جن میں معصوم بچوں کے علاج و معالجہ کیلئے بھی سہولیات بہم رکھی گئی ہیں۔ ہسپتال کے دورے کے دوران ایف سی نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ آپسی اشتراک کے ساتھ تعمیراتی کام جلد از جلد مکمل کریں تاکہ چند دنوں کے اندر 200 بستروں والے آئسولیشن بلاک کی تعمیر مکمل ہو۔
 
گورنمنٹ ہسپتال گاندھی نگر اور گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں کے ساتھ وابستہ دیگر ہسپتالوں میں آئسولیشن سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ افسروں کی ایک میٹنگ میں حال ہی میں لیا گیا تھا۔ حکومت نے غیر ضروری جراحی و دیگر علاج و معالجہ کے کام فی الحال معطل کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں تاکہ ان ہسپتالوں میں کووڈ 19 مریضوں کے لئے وافر مقدار میں سہولیات اور گنجائش پیدا کی جاسکے۔ ایف سی نے کہا چونکہ حکومت کو جموں و کشمیر کے تمام علاقوں میں کورنٹین اور آئسولیشن سہولیات کے علاوہ دیگر محلق بیماریوں کیلئے سہولیات میں اضافہ کرنا ہے، اس مقصد کے لئے حکومت نے گاندھی نگر ہسپتال، چسٹ ڈزیز ہسپتال اور سائیکیٹرک ہسپتال جموں کو مکمل طور پر کووڈ 19 مریضوں کے لئے مخصوص رکھا ہے تاہم انہوں نے کہا کہ دیگر نازک مریضوں کی طبی نگہداشت کو دیگر ہسپتالوں میں جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چسٹ دزیز ہسپتال اور سائیکیٹرک ہسپتال جموں کے مریضوں کو سُپر سپیشلٹی ہسپتال اور گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا ہے۔ ایف سی کے دورے کے دوران افسران نے انہیں بتایا کہ محکمہ تعمیراتِ عامہ اور اُن سے منسلک دیگر محکمے گاندھی نگر ہسپتال میں 200 بستروں والے بلاک کی تعمیر مکمل کرنے میں تمام کوششیں عمل میں لا رہے ہیں اور یہ بلاک چند دنوں کے اندر مکمل کیا جائے گا۔ ایف سی کے ہمراہ محکمہ صحت کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔


خبر کا کوڈ: 853443

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/853443/جموں-گاندھی-نگر-ہسپتال-میں-200-اضافی-قارنطینہ-بسترے-تیار-ہیں-اٹل-ڈولو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org