0
Sunday 29 Mar 2020 23:49

استنبول میں بھی 190 پاکستانی محصور، حکومت سے مدد مانگ لی

استنبول میں بھی 190 پاکستانی محصور، حکومت سے مدد مانگ لی
اسلام ٹائمز۔ تاشقند اور باکو کے بعد استنبول میں 8 روز سے محصور 190 پاکستانیوں نے بھی حکومت پاکستان سے وطن واپسی کے لیے خصوصی پرواز چلانے کی اپیل کردی۔ استنبول (ترکی) میں پھنسے پاکستانی مسافروں کی جانب سے ویڈیو بیان جاری کیے گئے ہیں، جس کے مطابق 190 کے لگ بھگ پاکستانی شہری پروازیں بند ہونے کی وجہ سے محصور ہیں۔ انھوں نے حکومت پاکستان سے خصوصی پرواز چلانے کا مطالبہ کیا ہے، ان محصورین میں کاروباری افراد کے علاوہ استنبول کی مختلف جامعات میں زیر تعلیم طلباء بھی شامل ہیں۔ محصور پاکستانیوں کے مطابق 21 مارچ کو پاکستان میں فضائی بندش کے بعد ترکش ایئر لائن کی جانب سے انھیں متوقع روانگی کے لیے 25 مارچ کی ٹکٹیں جاری کی گئیں مگر مزید 4 روز گزر جانے کے باوجود ان کی وطن واپسی ممکن نہ ہوسکی۔

ان کا کہنا ہے کہ ترکی میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے وہ اپنے مسئلے کے حل کے لیے پاکستانی سفارت خانے جانے سے بھی قاصر ہیں، جبکہ طویل قیام کی وجہ سے اب ان کے پاس ضروری خرچ کے لیے پیسے ختم ہوچکے ہیں اور دن بدن ان کے مسائل بڑھ رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق غیرملکی فضائی آپریشن بند ہونے کی وجہ سے کورونا وائرس کے نتیجے میں بیرون ملک پاکستانیوں کی بڑی تعداد اب بھی محصور ہے جس میں 100 کے قریب پاکستانی دبئی گلوبل ولیج جبکہ اتنی ہی تعداد تاشقند (ازبکستان) میں پھنسے ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ حکومت پاکستان کی اجازت سے بینکاک، دوحا، دبئی اور ابوظہبی سمیت دیگر کئی ائرپورٹس پر پھنسے پاکستانیوں کو خصوصی پروازوں سے وطن لایا جاچکا ہے۔

 
خبر کا کوڈ : 853447
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش