QR CodeQR Code

علامہ اقتدار نقوی کا قرنطینہ ملتان میں زائرین سے خطاب 

قومیں اپنے وطن کے لیے ہمیشہ ہر قربانی دینے کے لیے تیار رہتی ہیں، علامہ اقتدار نقوی 

30 Mar 2020 01:48

ملتان قرنطینہ میں زائرین سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ قرنطینہ کا مقصد زائرین، ان کی فیملیز اور معاشرے کو وبا سے محفوظ بنانا ہے، اپنے ملک کو  کورونا وائرس سے محفوظ بنانے کے لیے ہمیں یہ قربانی دینا ہوگی۔ 


اسلام ٹائمز۔ قرنطینہ ملتان میں مقیم زائرین سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمیں جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ زائرین اس مشکل وقت میں اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں، صوبائی اور وفاقی حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے، قرنطینہ کا مقصد زائرین، ان کی فیملیز اور معاشرے کو وبا سے محفوظ بنانا ہے، اپنے ملک کو کورونا وائرس سے محفوظ بنانے کے لیے ہمیں یہ قربانی دینا ہو گی، اس موقع پر صوبائی وزیر ڈاکٹر اخترملک، چیف وہپ ملک عامر ڈوگر، ڈپٹی کمشنر عامر خٹک، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز محمد طیب خان، ہدایت اللہ، اسسٹنٹ کمشنرز شہزاد محبوب اور احمد رضا بھی موجود تھے ۔زائرین نے خطاب قرنطینہ ایریا میں نصب ساونڈ سسٹم کے ذریعے سنا۔ علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ آپ نے انتہائی صبر اور فراست کے ساتھ اس مشکل وقت  کو سر کرنا ہے، ہمارا دین ہمیں قانون اور ضابطوں کی پاسداری کا سبق دیتا ہے، قومیں اپنے وطن کے لیے ہمیشہ ہر قربانی دینے کے لیے تیار رہتی ہیں، ہماری فوج اس وقت وطن کے لیے کشمیر کے بارڈر پر سینہ سپر ہے، اس حوالے سے قرنطینہ میں 14 دن کا قیام کوئی بڑی قربانی نہیں، ہم کورونا بارے وزیراعظم عمران خان اور عثمان بزدار کے اقدامات سے مطمئن ہیں۔

اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے قرنطینہ میں بہترین انتظامات کئے ہیں، قرنطینہ کے فوکل پرسن ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد طیب خان 18 گھنٹے ڈیوٹی دے رہے ہیں، اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ مجلس وحدت المسلمین، پاک فوج، رینجرز، انتظامیہ اور پولیس کے شکر گزار ہے، ہم سینٹری ورکرز، سول ڈیفنس کے رضاکاروں، ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 853453

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/853453/قومیں-اپنے-وطن-کے-لیے-ہمیشہ-ہر-قربانی-دینے-تیار-رہتی-ہیں-علامہ-اقتدار-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org