0
Monday 30 Mar 2020 11:40

خیبر پختونخوا میں پولیو کے مزید 3 کیسز سامنے آگئے

خیبر پختونخوا میں پولیو کے مزید 3 کیسز سامنے آگئے
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا میں پولیو کے مزید 3 کیسز کی تصدیق کی گئی ہے جس کے بعد صوبے میں رواں برس یہ تعداد 18 اور ملک میں 36 ہوگئی ہے۔ ایمرجنسی آپریشن سنٹر (ای او سی) کے کوآرڈینیٹر عبدالباسط کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں پولیو کے 3 نئے کیسز سامنے آگئے ہیں جو ضلع کرک، لکی مروت اور ٹانک سے رپورٹ ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کرک میں 6 ماہ، ٹانک میں 19 ماہ کے بچے اور لکی مروت میں 9 ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔ عبدالباسط کے مطابق متاثرہ بچوں کو حفاظتی قطرے نہیں پلائے گئے تھے، جبکہ متاثرہ بچوں کے نمونوں سے لیبارٹری ٹیسٹ میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ رواں سال کے دوران خیبر پختونخوا میں پولیو کیسز کی تعداد 18 ہوگئی ہے۔ یاد رہے کہ دو روز قبل خیبر پختونخوا ور پنجاب میں 8 کیسز سامنے آگئے تھے جس کے بعد رواں برس پورے پاکستان میں سامنے آنے والے کیسز کی تعداد 33 ہوگئی تھی جو اب بڑھ کر 36 تک پہنچ گئی ہے۔ ان 8 کیسز میں 6 خیبر پختونخوا اور 2 کیسز پنجاب میں سامنے آئے تھے۔ رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ پشاور سے 2 اور قبائلی علاقے خیبر، بنوں، نوشہرہ اور لکی مروت سے ایک، ایک کیس سامنے آیا، جبکہ فیصل آباد میں پولیو کے 2 کیسز رپورٹ ہوئے۔ خیبر پختونخوا میں اس سے قبل 14 مارچ کو ضلع خیبر سمیت مختلف علاقوں سے پولیو کے 13 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ یاد رہے کہ 27 فروری کو بھی کے پی سے پولیو کے 3 کیسز سامنے آئے تھے جو پشاور، خیبر اور باجوڑ سے رپورٹ ہوئے تھے۔ گذشتہ برس ملک بھر سے پولیو کے 146 کیسز سامنے آئے تھے، جبکہ 2018ء میں مجموعی کیسز کی تعداد 12 اور 2017ء میں صرف 8 تھی۔
خبر کا کوڈ : 853505
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش