QR CodeQR Code

تبلیغی جماعت کے 35 افراد میں سے 27 کے ٹسٹ مثبت آ گئے

کورونا سے ملک بھر میں 1690 متاثر، 20 جاں بحق، 11 کی حالت نازک، 53 صحیاب

12 سو ارب کے وزیراعظم معاشی پیکیج کی منظوری، قیدیوں کی رہائی کے احکامات معطل

30 Mar 2020 18:01

مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم معاشی ریلیف پیکیج کی منظوری دے دی گئی۔ کمیٹی نے کورونا وائرس کے پیش نظر 12 سو ارب روپے سے زائد کا معاشی پیکیج منظور کیا جس میں یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں کیلئے 200 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ ملک بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 1690 ہوگئی جب کہ وائرس سے 18 افراد جاں بحق اور 53 صحت یاب ہو چکے ہیں۔ وفاقی وزیر صحت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 119 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1690 ہو گئی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے تحت گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے متاثرہ 4 مریض زندگی کی بازی ہار گئے جس کے بعد ملک بھر میں اس وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 18 ہوگئی ہے جب کہ 11 افراد کی حالت تشویشناک ہے اور 53 صحتیاب ہوچکے ہیں۔

دوسری جانب تبلیغی جماعت کے 35 افراد میں سے 27 افراد کے کورونا ٹسٹ مثبت آئے ہیں۔ رائے ونڈ کے تبلیغی اجتماع میں شریک 35 افراد کی اسکریننگ کرنے پر 27 افراد میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا جبکہ لیہ کے قرنطینہ میں رکھے گئے اسی جماعت کے رکن نے فرار ہونے کی کوشش میں پولیس افسر کو چاقو مار کر زخمی کردیا۔ یہ جماعتیں 3 روزہ، 40 روزہ یا 4 ماہ کے تبلیغی مشن پر روانہ ہونے سے قبل 500 غیر ملکیوں سمیت 12 سو افراد 5 روزہ اجتماع میں شریک تھے اور انہوں نے مرکز کے بالمقابل ایک خالی جگہ پر کیمپ لگایا ہوا تھا۔ قبل ازیں حکومت پنجاب کے عہدیداروں نے وائرس کے خطرے کے پیشِ نظر منتظمین سے اجتماع ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی لیکن انہوں نے اس پر توجہ نہیں دی۔ چنانچہ جب 4 روز قبل منتظمین کا ارادہ تبدیل ہوا اور انہوں نے اجتماع روکا تو صوبائی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ لاک ڈاؤن نافذ ہو چکا تھا اور شرکا کو گھر لے جانے کے لیے کوئی ٹرانسپورٹ یا فضائی سروس دستیاب نہیں تھی۔ دوسری جانب لیہ میں تبلیغی جماعت کے ایک رکن نے فرار ہونے کی کوشش میں اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) پر چاقو سے حملہ کر دیا جس سے وہ زخمی ہو گیا۔ بعدازاں پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے منتظمین سے ملاقات کی جن کی اجازت سے مرکز کو گھیرے میں لے لیا گیا اور وہاں 3 روز تک کسی کو جانے کی یا باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ادھر اسلام آباد میں موجود تھائی لینڈ کے سفارتخانے نے تبلیغی مرکز میں موجود اپنے 50 شہریوں کو نکلوانے کے لیے وزارت خارجہ کے ذریعے حکام سے رابطہ کیا۔ جس کے بعد محکمہ صحت کے حکام نے تھائی شہریوں کی اسکریننگ کی اور نتیجہ منفی آنے پر انہیں اسلام آباد منتقل کیا گیا جہاں سے وہ ایک نجی طیارے کے ذریعے اپنے وطن روانہ ہوگئے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کورونا وائرس کے تناظر میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے 12 سو ارب روپے کا وزیراعظم معاشی پیکیج منظور کیا ہے۔ مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم معاشی ریلیف پیکیج کی منظوری دے دی گئی۔ کمیٹی نے کورونا وائرس کے پیش نظر 12 سو ارب روپے سے زائد کا معاشی پیکیج منظور کیا جس میں یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں کیلئے 200 ارب روپے رکھے گئے ہیں، برآمدی شعبے اور صنعتوں کیلئے 100 ارب روپے جبکہ زراعت اور اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (ایس ایم ایز) کیلئے 100ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ معاشی پیکیج میں یوٹیلیٹی اسٹورز کیلئے 50 ارب روپے، سرکاری سطح پر گندم کی خریداری کیلئے 280 ارب روپے، ایک کروڑ 20 لاکھ مستحق خاندانوں کیلئے 100 ارب روپے سے زائد رکھے گئے ہیں۔ ای سی سی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف کیلئے 70ارب روپے کی منظوری دے دی، بجلی اور گیس بلوں میں ریلیف کیلئے 110ارب روپے فراہم کئے جائیں گے، ہنگامی فنڈز کیلئے 100 ارب روپے مختص کئے گئے جبکہ این ڈی ایم اے کو 25 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ 

دوسری طرف سپریم کورٹ نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو کورونا وائرس کے پیش نظر قیدیوں کو ضمانت پر رہا کرنے سے روک دیا ہے۔ سپریم کورٹ میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے قیدیوں کی رہائی کے احکامات کے خلاف اپیل کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے کورونا وائرس کے پیش نظر دی گئی ضمانتوں کے احکامات پرعملدرآمد روک دیا۔ سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے 408 قیدیوں کی رہائی کے فیصلے سمیت دیگر عدالتوں کی جانب سے جاری فیصلے بھی معطل کردیے۔ چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ ملک کو کورونا وائرس کی وجہ سے کن حالات کا سامنا ہے سب پتہ ہے تاہم اس طرح قیدیوں کی رہائی کی اجازت نہیں دے سکتے، دیکھنا ہے اسلام آباد ہائیکورٹ نے کس اختیار کے تحت قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا، ہائی کورٹس سو موٹو کا اختیار کیسے استعمال کر سکتی ہیں؟، ایسا نہیں ہو سکتا کہ آفت میں لوگ اپنے اختیارات سے باہر ہو جائیں، یہ اختیارات کی جنگ ہے، ان حالات میں بھی اپنے اختیارات سے باہر نہیں جانا۔ سپریم کورٹ نے وفاق، تمام صوبائی حکومتوں، چیف کمشنر اسلام آباد،ڈی سی اسلام آباد ،آئی جی پی اسلام آباد، سیکرٹری داخلہ، نیب، آئی جی جیل خانہ جات کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت یکم اپریل تک ملتوی کردی۔ سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ فیصلے تک کسی ملزم کو کورونا کی بنیاد پر رہائی نہ دی جائے۔ واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے جعلی اکائونٹس کیس، نیب کیسز میں گرفتار ملزمان، جیلوں میں موجود قیدیوں کی بڑی تعداد کو کورونا وائرس کے باعث ضمانت پررہائی کا حکم دیا تھا۔ 


خبر کا کوڈ: 853580

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/853580/کورونا-سے-ملک-بھر-میں-1690-متاثر-20-جاں-بحق-11-کی-حالت-نازک-53-صحیاب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org