QR CodeQR Code

جموں و کشمیر انتظامیہ نے جیلوں میں نظربند قیدیوں کو رہا کرنا شروع کیا

30 Mar 2020 21:49

ذرائع نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں اس وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہونے کے بعد جموں و کشمیر انتظامیہ نے مختلف جیلوں میں نظرقیدیوں کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور آئندہ کچھ دنوں کے دوران مزید کئی قیدیوں کو رہائی ملنے کا امکان ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر انتظامیہ نے جیلوں میں نظربند قیدیوں کو رہا کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے اور پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظربند 31 قیدیوں کو رہا کیا گیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق سپریم کورٹ کی ہدایت پر جموں و کشمیر انتظامیہ نے بھی مختلف جیلوں میں نظربند قیدیوں کو پیرول پر رہا کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ جموں و کشمیر انتظامیہ نے 31 افراد پر عائد پبلک سیفٹی ایکٹ کو کالعدم قرار دے کر اُنہیں فوری طورپر رہا کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کورٹ بلوال جیل سے 11، سرینگر سینٹرل جیل سے 14، راجوری سینٹرل جیل سے 4 اور کٹھوعہ سے 2 قیدیوں کو رہا کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں کے دوران مزید قیدیوں کی رہائی کا امکان ہے اور اس سلسلے میں ہوم ڈپارٹمنٹ نے ایک فہرست بھی ترتیب دی ہیں۔ حکومتی ذرائع کے مطابق جن افراد کے خلاف سخت نوعیت کے کیس درج نہیں ہیں اُنہیں رہا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ حکومتی ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے پیش نظر پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظربند قیدیوں کو پیرول پر رہا کیا جارہا ہے۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں اس وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہونے کے بعد جموں و کشمیر انتظامیہ نے مختلف جیلوں میں نظرقیدیوں کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور آئندہ کچھ دنوں کے دوران مزید کئی قیدیوں کو رہائی ملنے کا امکان ہے
۔


خبر کا کوڈ: 853627

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/853627/جموں-کشمیر-انتظامیہ-نے-جیلوں-میں-نظربند-قیدیوں-کو-رہا-کرنا-شروع-کیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org