0
Monday 30 Mar 2020 22:54

کورونا لاک ڈاﺅن، سندھ حکومت سیاسی پوائنٹ اسکورنگ نہیں عوام کے مسائل حل کرے، کاشف سعید شیخ

کورونا لاک ڈاﺅن، سندھ حکومت سیاسی پوائنٹ اسکورنگ نہیں عوام کے مسائل حل کرے، کاشف سعید شیخ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاﺅن کے دوران کراچی سمیت سندھ بھر میں بڑے پیمانے پر دیہاڑی دار مزدور طبقے اور لاکھوں بے روزگار خاندانوں کی فاقہ کشی کے شکار افراد کی مؤثر دادرسی اور راشن سمیت دیگر ضروری اشیاء فراہم نہ کرنے پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت کے وزراء اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ بیان بازی کی بجائے حقیقی طور پر مستحق خاندانوں اور بیروزگار افراد کی عزت نفس کا خیال رکھتے ہوئے گھروں پر راشن سمیت ضروری اشیاء کی فراہمی کو ممکن بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کرے، تاکہ صوبے کے عوام جو پہلے ہی بھوک، بدحالی اور مفلسی کا شکار ہیں، انکے دکھوں کا مداوا ہو سکے۔ ایک بیان میں کاشف سعید شیخ نے کہا کہ سندھ حکومت کورونا جیسے خطرناک موذی وائرس پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کرنے کی بجائے لاک ڈاﺅن کی وجہ سے عام آدمی کے مسائل کو حل کرنے کی طرف توجہ دے، پوری قوم کورونا وائرس سے جاری جنگ میں حکومت کے جائز اقدامات کو سراہتی ہے، لیکن لاک ڈاﺅن کی آڑ میں ضروری کام سے نکلنے والے عام شہریوں پر پولیس تشدد اور تذلیل ناقابل قبول ہے۔

کاشف سعید شیخ نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے راشن تقسیم کرنے کیلئے ابھی تک کوئی لائحہ عمل طے نہ کرنے سے لاکھوں لوگ فاقہ کشی کا شکار ہو جائیں گے، صوبائی حکومت تیل، کوئلے اور دیگر معدنی دولت سے مالا مال ہے، وسائل کی کوئی کمی نہیں، اصل مسئلہ گڈگورننس کا ہے، جس کیلئے دیانتدار اور کرپشن سے پاک قیادت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں دیہاڑی دار مزدور اور ریڑھی چلانے والے لوگ بھوک بدحالی کا شکار، جبکہ ان کے معصوم بچے بھوک سے بلک رہے ہیں، جبکہ حکمران صرف فوٹو سیشن اور اجلاسوں میں مصروف ہیں۔ کاشف سعید شیخ نے مطالبہ کیا کہ کراچی سمیت سندھ بھر کے تمام اضلاع میں اچھی ساکھ کے حامل دیانتدار افراد اور فلاحی تنظیموں کے ذریعے مستحقین کی فہرستیں بناکر انہیں گھروں تک راشن پہنچایا جائے، تاکہ غربت، بیروزگاری اور لاک ڈاﺅن کے ستائے ہوئے عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔
خبر کا کوڈ : 853644
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش