QR CodeQR Code

قرنطینہ سنٹرز میں مدت پوری کرنیوالے زائرین کو گھر بھیجا جائے، علامہ سید وحید کاظمی

30 Mar 2020 22:56

ایم ڈبلیو ایم خیبر پختونخوا کے سربراہ کا کہنا تھا کہ غیر متاثرہ افراد کو محض خدشات کی بنیاد پر غیر معینہ مدت تک قرنطینہ سینٹرز میں ٹھہرانا کسی بھی اعتبار سے درست نہیں۔ کرونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے ضروری ہے کہ مریضوں کو صحت مند لوگوں سے دور رکھا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ سید وحید عباس کاظمی نے کے پی کے کی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قرنطینہ سینٹرز میں اپنے قیام کی مدت پوری کرنے والے افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے جائیں اور جو افراد اس مرض میں مبتلا نہیں ہیں، انہیں ان کو گھروں کی طرف روانہ کیا جائے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ غیر متاثرہ افراد کو محض خدشات کی بنیاد پر غیر معینہ مدت تک قرنطینہ سینٹرز میں ٹھہرانا کسی بھی اعتبار سے درست نہیں۔ کرونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لیے ضروری ہے کہ مریضوں کو صحت مند لوگوں سے دور رکھا جائے۔ صوبائی حکومت کو چاہیئے کہ وہ محکمہ صحت کو اس حوالے سے فوری پالیسی مرتب کرنے کے احکامات صادر کرے، تاکہ قرنطینہ سینٹرز میں موجود ممکنہ متاثرین اور ان کے اہل خانہ کی تشویش میں کمی واقع ہو۔

ان سینٹرز میں بیشتر زائرین ایسے ہیں، جنہیں متعلقہ عملے نے مدت پوری کرنے کے باوجود تشخیصی مراحل سے گزارے بغیر جبری طور پر روک رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عملے کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے کوئی پالیسی جاری نہیں ہوئی، ان سے اب معاشرے کو کوئی خطرہ نہیں۔ صوبائی سیکرٹری جنرل کا مزید کہنا تھا کہ اس طرح کا ناروا اور نامناسب عمل کے پی کے کی حکومت کی ساری کارکردگی کو خاک میں ملا دے گا۔ ملک کے دیگر صوبوں میں ایسے افراد کو گھروں میں بھیج دیا گیا ہے، جن کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔ تاہم خیبر پختوانخوا کے اقدامات اس کے برعکس ہیں۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے کہا ہے کہ اس سلسلے میں زائرین کی مشکلات کا فوری ازالہ کرکے ان کے اضطراب کو ختم کیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 853646

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/853646/قرنطینہ-سنٹرز-میں-مدت-پوری-کرنیوالے-زائرین-کو-گھر-بھیجا-جائے-علامہ-سید-وحید-کاظمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org