0
Monday 30 Mar 2020 23:14

کورونا سے نمٹنے پاکستان آئی چینی میڈیکل ٹیم کو مترجم نہ ہونے پر شدید مشکلات

کورونا سے نمٹنے پاکستان آئی چینی میڈیکل ٹیم کو مترجم نہ ہونے پر شدید مشکلات
اسلام ٹائمز۔ حکومت کی دعوت پر کورونا سے نمٹنے کے لئے پاکستان آئی چینی میڈیکل ٹیم کو مترجم نہ ہونے پر شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ وفاقی حکومت کی طرف سے شہریوں کو بروقت طبی امداد فراہم کرنے کے لئے چین سے آئے ڈاکٹرز نے جب مختلف اسپتالوں اور سینٹرز کا دورہ کیا تو اس دوران وہ مریضوں اور پاکستانی ڈاکٹرز کو علاج کے بارے میں آگاہ نہیں کر سکے کیونکہ ان کو ٹرانسلیٹر کی سہولت ہی فراہم نہیں کی گئی۔ پاکستانی ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو چینی زبان نہیں آتی جب کہ اس بارے میں حکومت کی جانب سے تاحال مترجم کے انتظامات نہیں کئے گئے، چینی ڈاکٹرز کی ٹیم تین شفٹوں میں کام کر رہی ہیں، اس دوران چینی ڈاکٹرز اسلام آباد میں موجود اپنے سفارت خانے سے رابطے میں ہیں اور اپنے ان مسائل سے سفارت خانے کو بھی آگاہ کر رہے ہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا کہ جب حکومت کو معلوم تھا کہ چینی ڈاکٹرز پاکستان آرہے ہیں تو انہیں مترجم کا انتظام کرنا چاہئیے تھا تاکہ چینی ڈاکٹرز کو سہولت مل سکے، ہمیں معلوم نہیں ہم کس سمت جا رہے ہیں، عوام سوال کر رہے ہیں حکومت کہاں ہے۔؟ انہوں نے کہا کہ چین کے صدر شی جن پنگ نے مشکل ترین حالات میں دورہ کیا ہماری حکومت بیان دے کر کورونا وائرس کا خاتمہ کر رہی ہے، چین کے ماڈل سے ہمیں فائدہ اٹھانا چاہیے، ماسک کے بجائے بڑے اسپتال بنانے اور کوالیفائڈ ڈاکٹرز کی ٹریننگ کے حوالے سے پلان تیار کرنا چاہیے۔ دوسری جانب وفاقی داارالحکومت کے سب سے بڑے ہسپتال پمز میں آج بھی ڈاکٹرز کو شاپرز پہن کر اپنی ڈیوٹی انجام دیتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ ڈاکٹر کی تصاویر سوشل میڈیا پہ وائرل ہونے کے بعد شہریوں کی جانب سے حکومت پہ شدید تنقید کی جا رہی ہے۔ 
خبر کا کوڈ : 853656
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش