0
Tuesday 31 Mar 2020 00:42

جماعت اسلامی نے وزیراعظم کی اعلان کردہ ٹائیگر فورس مسترد کر دی

جماعت اسلامی نے وزیراعظم کی اعلان کردہ ٹائیگر فورس مسترد کر دی
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی وزیراعظم کی اعلان کردہ ٹائیگر فورس کے قیام کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے، یہ صرف اور صرف اس پورے عمل کو سیاسی پوائنٹ سکورنگ اور اپنے پارٹی مفادات کو تحفظ دینے کے لئے ایک ڈھونگ رچایا جا رہا ہے، جس کو ٹائیگر فورس نہیں سفید ہاتھی کہنا چاہiئے، کیونکہ اس کا نتیجہ یہی نکلے گا۔ انہوں نے کہا کہ کرونا کے اس پورے بحران میں اب تک تحریک انصاف کی پوری قیادت اور ورکرز منظر عام سے مکمل غائب رہے ہیں، اب جب امداد کی تقسیم اور مستحقین تک راشن پہنچانے کا مرحلہ آیا ہے تو یہ سب سیاسی پوائنٹ سکورنگ کیلئے میدان میں کود پڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امداد کی تقسیم اور ترسیل کیلئے پہلے سے میدان میں موجود ریاستی ادارے مثلاً فوج، پولیس، سول ڈیفنس، ٹی ایم ایز، ضلعی انتظامیہ اور ریلیف اداروں کے ذریعے اس کام کو جاری رکھا جائے اور اس کی نگرانی کی جائے۔

انہوں نے جاری بحران میں حکومتی کارکردگی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پہلے مارکیٹ سے ماسک، دستانے، sanitisers غائب ہوگئے اور ان کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں، اب لاک ڈاؤن کے دوران گندم، آٹا اور دیگر اشیاء خورد و نوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، حکومت مارکیٹ پر اپنی گرفت مکمل طور پر کھو چکی ہے اور ذخیرہ اندوزوں کے وارے نیارے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاحال پشاور میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1300 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، جبکہ چینی، دالیں اور گھی کی قیمتیں بھی اچانک بڑھ گئی ہیں، حکومتی کارکردگی کا یہ حال ہے کہ وہ ابھی تک اپوزیشن پر الزام تراشیوں میں مصروف ہے، حکومت فی الفور مارکیٹ پر اپنی گرفت مضبوط کرتے ہوئے ذخیرہ اندوزوں اور گرانفرشوں کے خلاف کارrوائی کرے, ورنہ حالات پر کنٹرول مشکل ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ تاحال حکومت کی طرف سے ڈاکٹرز اور ہسپتالوں کے عملہ کے تحفظ کیلئے کوئی انتظام نہیں کیا گیا۔ جس سے خدا نخواستہ ایک نیا بحران جنم لے سکتا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹرز اور ہسپتالوں کے عملہ کے تحفظ کیلئے انتظامات کو فوری طور پر پہلی ترجیح پر مکمل کرے۔ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور سیکرٹری اطلاعات سید صہیب الدین کاکا خیل کے مطابق جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امراء اضلاع کا اجلاس آج مورخہ 31 مارچ بروز منگل 11:00 بجے دن المرکز الاسلامی میں طلب کیا گیا ہے، اجلاس کی صدارت امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان کریں گے، اجلاس سکائپ (skype) کے ذریعہ آن لائن منعقد کیا جائے گا۔ اجلاس میں امراء اضلاع اب تک کرونا آگاہی مہم کے حوالہ سے رپورٹس پیش کریں گے اور آئندہ کے لائحہ عمل کی منصوبہ بندی کی جائے گی۔ اجلاس میں الخدمت کی اب تک کی کارکردگی پر مبنی رپورٹ بھی پیش کی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 853657
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش